دہلی فسادات: 15 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل، عمر خالد اور شرجیل کا نام شامل نہیں
نئی دہلی:17/ستمبر. دہلی کی اسپیشل سیل پولیس نے آج دہلی فسادات کے معاملے میں 15 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ۔ غیر قانونی سرگرمیاں (ضابطہ) ایکٹ ، آئی پی سی اور آرمس ایکٹ کی مختلف شقوں کے تحت 15افراد کے خلاف الزامات ، 17،000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کو اسٹیل کے ڈبوں میں محفوظ کرتے ہوئے اسے کارکارڈوما عدالت میں پیش کیا۔ اسپیشل سیل پولیس نے کہا ہے کہ دہلی فسادات کیس کے ملزم عمر خالد اور شرجیل امام کی حالیہ دنوں گرفتاری ہوئی ہے اس لئے ان کے نام چارج شیٹ میں نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد میں داخل کیے جانے والی ضمنی چارج شیٹ میں ان کے نام شامل ہوں گے۔
اس سال فروری میں دہلی میں فسادات میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے میں اسپیشل سیل پولیس نے اب تک 21 افراد کو حراست میں لیا ہے اور مختلف شواہد اور ان میں سے 15 افراد کی تفتیش کی بنا پر چارج شیٹ دائر کی گئی ۔ 15 میں نتاشا ناروال، دیونگانہ کالیتا، آصف اقبال تنہا، عشرت جہاں، میران حیدر، صفورا زرگر اور خالد سیفی شامل ہیں۔ دیگر چھ افراد کے ناموں کے ساتھ ضمنی چارج شیٹ شواہد حاصل کرنے کے بعد دائر کی جائیں گی۔