الیکشن2019

پرینکا گاندھی کا انتخابی دورہ اتر پردیش میں زور و شور سے جاری

کانگریس جنرل سکریٹری کا انتخابی دورہ اتر پردیش میں زور و شور سے جاری ہے۔ وہ لگاتار پارٹی کارکنان سے ملاقات کر رہی ہیں اور پارٹی کی بنیاد مضبوط کرنے کے لیے پوری طاقت سے کوشاں ہیں۔ بدھ کے روز وہ کانگریس صدر راہل گاندھی کے انتخابی حلقہ امیٹھی میں تھیں اور دیر رات تک مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنان سے بھی ملاقات کرتی رہیں۔ اس درمیان ایک ایسا واقعہ پیش آیا جسے دیکھ کر نہ صرف لوگ حیران رہ گئے بلکہ سبھی کے دلوں میں پرینکا گاندھی کی عزت بھی بہت بڑھ گئی۔

Embedded video

دراصل پرینکا گاندھی گوری گنج واقع بابو گنج میں ایک کانگریس کارکن کے گھر پہنچیں جس کا نام فتح بہادر تھا۔ اس نے پرینکا گاندھی کو لڈو سے تولنے کے لیے پوری تیاری کر رکھی تھی اور وہاں پارٹی کارکنان کا ایک ہجوم بھی موجود تھا۔ لیکن پرینکا گاندھی نے انتہائی خلوص کے ساتھ فتح بہادر کو ہی ترازو پر بٹھا دیا اور انھیں لڈوؤں سے تول دیا۔ اس پورے معاملے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گشت کر رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ فتح بہادر کے والد نور محمد ضلع گوری گنج اسمبلی سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ گوری گنج سے رائے بریلی کے راستے جاتے ہوئے اپنی رہائش بابو گنج میں فتح بہادر نے دوپہر سے ہی پھلوں اور لڈوؤں کا انتظام کر رکھا تھا اور انھیں پوری امید تھی کہ پرینکا گاندھی ان کے گھر ضرور آئیں گی۔ پرینکا نے انھیں مایوس بھی نہیں کیا اور دیر رات ملاقات کے لیے پہنچ گئیں۔ فتح بہادر نے پہلے پھولوں کا مالا پہنا کر ان کا استقبال کیا اور پھر کچھ دیر بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں جب پرینکا گاندھی کو لڈوؤں سے تولنے کی بات ہوئی تو پرینکا گاندھی نے پارٹی کارکن کو ترجیح دیتے ہوئے فتح بہادر کو ترازو پر بٹھا دیا۔ یہ واقعہ دیکھ کر وہاں موجود لوگ حیران بھی تھے اور اپنی لیڈر کی فراخ دلی پر خوش بھی۔

(قومی آوازبیورو)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!