یو پی پھر شرمسار: نابالغ جوڑے کے ساتھ مار پیٹ کا ویڈیو وائرل، 9 گرفتار
یوگی حکومت میں شرمسار کرنے والے واقعات لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں۔ مہاراج گنج میں ایک نابالغ جوڑے کو مبینہ طور پر 9 لوگوں کے ذریعہ پول سے باندھ کر ان کی پٹائی کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔
اتر پردیش کے مہاراج گنج میں ایک نابالغ جوڑے کو مبینہ طور پر 9 لوگوں کے ذریعہ پول سے باندھ کر ان کی پٹائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ 10 دن پہلے سرزد ہوا تھا، لیکن واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اب وائرل ہوا جس کے پیش نظر جمعرات کو ملزمین کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اس درمیان نابالغ لڑکی کے گھر والوں نے لڑکے کے خلاف بھی شکایت درج کرائی ہے۔
پولس سپرنٹنڈنٹ روہت سنگھ سجوان کا کہنا ہے کہ “وائرل ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے مہاراج گنج ضلع کے گگھلی پولس اسٹیشن میں تین معاملے درج کیے گئے ہیں۔ پہلا معاملہ لڑکی کی فیملی سے ملی تحریری شکایت کی بنیاد پر پوکسو ایکٹ کے تحت لڑکے کے خلاف ہے۔ لڑکے کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔
پولس سپرنٹنڈنٹ نے مزید بتایا کہ دوسرا معاملہ ان لوگوں کے خلاف ہے جنھوں نے جوڑے کو باندھ دیا تھا اور ان کی پٹائی کی تھی۔ علاوہ ازیں تیسرا معاملہ تعزیرات ہند کی دفعہ 228(اے) کے تحت اس سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر درج کیا گیا ہے جس نے متاثرین کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے ویڈیو نشر کیا تھا۔
پولس نے کہا کہ جوڑے پر حملہ کرنے والوں کی شناخت بھولو پرجاپتی، پون پرجاپتی، سہلیش یادو، اجیت، موہت، وشومتر، منجیت یادو، پھول بدن یادو اور اودھیش پرجاپتی کی شکل میں کی گئی ہے۔