تازہ خبریں

رام جنم بھومی ٹرسٹ کے بینک اکاؤنٹ سے نکل گئے لاکھوں روپے!

ایودھیا میں شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے بینک اکاؤنٹ سے 6 لاکھ روپے غلط طریقے سے نکالے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس تعلق سے ایودھیا کوتوالی پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے جس شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کی تشکیل عمل میں آئی ہے، اس کے اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ٹرسٹ کے اکاؤنٹ سے 6 لاکھ روپے غلط طریقے سے نکال لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایودھیا کوتوالی پولس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ معاملہ کی جانچ کے لیے سائبر ماہرین کی ایک ٹیم بھی مقرر کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چیک کلوننگ کے ذریعہ لکھنؤ میں دو بینکوں سے پیسے نکالے گئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ بینک سے دھوکہ دہی کے ذریعہ پیسہ نکالے جانے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جعلساز نے بینک آف بڑودہ برانچ سے 9.86 لاکھ روپے نکالنے کی تیسری کوشش کی۔ بینک منیجر نے ٹرسٹ کے سکریٹری چمپت رائے کو ویریفکیشن کے لیے فون کیا، جنھوں نے اس طرح کے کسی بھی چیک کو جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

پولس افسر کا کہنا ہے کہ “پوچھ تاچھ میں پایا گیا کہ پہلے بھی پیسوں کو نکالا گیا ہے۔” بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ یکم ستمبر کو بینک سے 2.5 لاکھ روپے کی رقم نکالی گئی اور اس کے دو دن بعد 3.5 لاکھ روپے کی رقم پھر نکالی گئی۔ ایودھیا سرکل کے افسر راجیش کمار رائے کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی کا معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور جانچ جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رام مندر کے لیے عطیہ مانگنے والی ایک فرضی ویب سائٹ کا معاملہ کچھ دنوں پہلے ہی روشنی میں آیا تھا اور اس معاملے کی جانچ بھی چل رہی ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ ابھی ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے بنیاد کھودنے کا عمل بھی شروع نہیں ہوا ہے اور ٹرسٹ کے نام سے کھلے بینک اکاؤنٹ کے ساتھ جعلسازی کا معاملہ سامنے آنے لگا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!