سوشانت کیس: شووک کی گرفتاری پر ریا کے والد نے کہا- ’مبارک ہو انڈیا‘
فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کو لے کر ہو رہی جانچ میں سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور سوشانت کے ہاؤس مینیجر سیموئل مرانڈا سمیت چھہ لوگوں کی منشیات کے معاملہ میں گرفتاری ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں ریا چکربرتی کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے سمن بھی جاری کر دئے ہیں۔
دریں اثنا، ریا چکرورتی کے والد اندرجیت چکرورتی نے اپنے بیٹے شووک کی گرفتاری کے بعد اپنی تکلیف کا اظہار کیا ہے، انہوں نے جو بیان دیا ہے اس سے ان کا غصہ اور مایوسی دونوں ظاہر ہو رہے ہیں۔ کرنل کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے ڈاکٹر اندر جیت چکرورتی نے کہا، ’’مبارک ہو انڈیا، آپ نے میرے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ مجھے یقین ہے اس لائن میں اگلا نمبر میری بیٹی کا ہے اور پھر نہ جانے کس کا ہوگا! آپ نے ایک مڈل کلاس خاندان کو ختم کر دیا اور یہ سب کچھ انصاف کے نام پر کیا جا رہا ہے۔ جے ہند۔‘‘
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ رجپوت کے موت کے تعلق سے خبر آئی تھی کہ انہوں نے خودکشی کی ہے لیکن بعد میں اس کو پہلے فلم انڈسٹری میں اقربا پروری سے جوڑ کر پیش کیا گیا ، پھر ان کی لیو پارٹنر ریا چکرورتی پر ان کو خود کشی کرنے کے لئے اکسانے، اور پیسے اینٹھنے کی بات کی گئی۔ پھر ان کے قتل کی بات ہونے لگی اور آخر میں منشیات کا زاویہ بھی منسلک ہو گیا۔ اب منشیات کے پہلو کی جانچ کر رہی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ٹیم نے اس میں چھہ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ شووک کے بعد ریا کی گرفتاری کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے سوشانت کی موت کے پہلوؤں کی جانچ پہلے ممبئی پولیس کر رہی تھی پھر سوشانت کے والد نے بہار میں ریا کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی اور اس کے بعد یہ معاملہ سپریم کو رٹ میں گیا جہاں سے اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا حکم جاری ہو گیا ۔ اب اس معاملہ میں سی بی آئی کے علاوہ این سی بی اور ای ڈی بھی جانچ کر رہی ہے۔