پرینکا گاندھی نے جیل سے رِہا ہوئے ڈاکٹر کفیل خان کو کیا فون
پرینکا گاندھی نے ڈاکٹر کفیل سے بات چیت کے دوران ان کے اہل خانہ کی بھی خیریت پوچھی اور ساتھ ہی ظلم کے خلاف ہمت نہ ہارنے کے لیے پورے کنبہ کی تعریف کی۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے 2 ستمبر کی شام ڈاکٹر کفیل خان کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پرینکا گاندھی نے ڈاکٹر کفیل سے بات چیت کے دوران ان کے اہل خانہ کی بھی خیریت پوچھی اور ساتھ ہی ظلم کے خلاف ہمت نہ ہارنے کے لیے پورے کنبہ کی تعریف کی۔ قابل ذکر ہے کہ کفیل خان نے متھرا جیل سے اپنی رہائی کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور کانگریس کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کو الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر کفیل خان پر سے این ایس اے ہٹانے اور انھیں فوری طور پر جیل سے آزاد کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس حکم کے بعد بھی پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ “آج الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر کفیل کے اوپر سے این ایس اے ہٹا کر فوری آزادی کا حکم دیا۔ امید ہے یو پی حکومت ڈاکٹر کفیل خان کو بغیر کسی رنجش بلاتاخیر رِہا کرے گی۔” ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ “ڈاکٹر کفیل خان کی رِہائی کی کوشش میں لگے تمام انصاف پسند لوگوں اور یو پی کانگریس کارکنان کو مبارکباد۔”