تازہ خبریں

جے ای ای-نیٹ امتحان کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گی 7 ریاستیں، سونیا کے ساتھ میٹنگ میں فیصلہ

ممتا بنرجی نے کہا کہ میں تمام ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ سپریم کورٹ جائیں اور امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کریں۔

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بدھ کے روز کانگریس کے زیر اقتدار حکومتوں کے وزرائے اعلی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران مرکز کی طرف سے ریاستوں کے جی ایس ٹی بقایہ کی عدم ادائیگی اور کورونا بحران کے دوران طلبا اور والدین کی پریشانیوں کو درکنار کرتے ہوئے ان پر جے ای ای اور نیٹ کے امتحانات کو مسلط کرنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سونیا گاندھی نے سب سے پہلے اجلاس میں جی ایس ٹی کا مسئلہ اٹھایا۔ ان کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ اس وقت جے ای ای اور نیٹ کے امتحانات کا انعقاد کرنا محفوظ نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں جب مرکزی حکومت طلبا کے مطالبات پر کان نہیں دھر رہی تو پھر تمام ریاستی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ سپریم کورٹ سے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کریں۔

میٹنگ میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اس حوالہ سے کہا کہ ’’پہلے ہمیں یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ لڑنا ہے یا ڈرنا ہے!‘‘ اسی کے ساتھ ہی ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر لوگوں میں نفاق پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’’ہم سب کو مل کر رہنا چاہیے، بصورت دیگر ملک میں کوئی اور سیاسی جماعت باقی نہیں رہے گی۔‘‘

قبل ازیں، وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ہونے والی ورچوئل میٹنگ یں سونیا گاندھی نے سب سے پہلے جی ایس ٹی کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کے جی ایس ٹی بقایہ جات کی بروقت ادائیگی ہونی چاہیے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ جی ایس ٹی کا پیسہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ریاستی حکومتوں کی مالی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔

اس میٹنگ میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپش سنگھ بگھیل، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ، پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ نارائناسامی، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھوو ٹھاکرے، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی شریک ہوئیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمیں طلباء کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ اگر مرکز کچھ نہیں کررہا ہے، تو ہم بھی عوام کے منتخب نمائندے ہیں، ہمیں عدالت میں جانا چاہیے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں تمام ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ سپریم کورٹ جائیں اور امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کریں۔

ممتا بنرجی نے جی ایس ٹی کے معاملے پر بھی اپنی رائے دی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا دور میں ریاستی حکومت پورے اخراجات اٹھا رہی ہے، مفت طبی خدمات دی جارہی ہیں لیکن ہمیں مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی امداد نہیں مل رہی ہے۔

واضح رہے کہ این ٹی اے نے جے ای ای اور نیٹ امتحانات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ان دونوں امتحانات کو بھی کلیئر کر دیا ہے۔ جبکہ کانگریس سمیت شیوسینا اور ٹی ایم سی طلبہ کی حفاظت کا حوالہ دیتے ہوئے امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!