بیدر: مسلم قبرستان کیلئے ڈپٹی کمشنر کو پیش کی گئی یادداشت
بیدر: 26اگست (اے ایس ایم) اہلیان محلہ احمد کالونی، بلال کالونی اور چدری کے ساکنان جناب الحاج محمدامام الدین مؤظف مینجر تعلقہ پنچایت ہمناآباد، محمد مقصود علی ڈانگے ایڈوکیٹ، ڈاکٹر محمد عارف الدین مجاہد، ڈاکٹر محمد مجیب الرحمن، محمدمحبوب علی، سید مقصود علی، سید یونس، محمد ابراہیم سیریکار، محمد عظیم الدین سیریکار و دیگر پر مشتمل ایک وفدنے ڈپٹی کمشنر بیدرسے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یادداشت پیش کیا۔
یادداشت میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ تدفین کیلئے قدیم اور جدید شہر میں قبرستان کی اراضی ختم ہوچکی ہیں۔ ہمیں سرکار کی جانب سے تدفین کے لئے مسلم قبرستان کے لئے اراضی فراہم کی جائے۔ جب بھی مذکورہ محلہ جات میں کسی مسلم صاحب کا انتقال ہوتاہے تو کئی ایک مصائب و مشکلات سے گذر نا پڑرہا ہے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو سرکاری اراضی کی نشاندہی بھی کی ہے۔
وفد کو ڈپٹی کمشنر نے واضح ترین تیقن دیا کہ وہ متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دیں گے کہ وہ نشاندہی کی گئی اراضی کی انکوائری کریں اور رپورٹ دیں اسکے بعد اراضی الاٹ کرنے کے سلسلہ میں غور کیاجائیگا۔اسی وقت وفد کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر بیدر نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کو ہدایت فرمائی کہ وہ آگے کی کارروائی کا آغاز کریں۔