تازہ خبریں

کورونا کے پیش نظر لال قلعہ پریوم آزادی تقریب کے لیے وزارتِ دفاع کے خصوصی انتظامات

وزارت دفاع نے کورونا وبا کے تناظر میں یوم آزادی کی تقریبات میں لال قلعہ پر جھنڈا لہرانے کے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور اس بار مہمانوں کو دو گز کی دوری پر ماسک کے ساتھ بیٹھنا پڑے گا

نئی دہلی: وزارت دفاع نے کورونا وبا کے تناظر میں یوم آزادی کی تقریبات میں لال قلعہ پر جھنڈا لہرانے کے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور اس بار مہمانوں کو دو گز کی دوری پر ماسک کے ساتھ بیٹھنا پڑے گا۔ وزارت نے تقریب کے دوران سماجی فاصلے، ضروری احتیاط اور قومی تقریب کی پاکیزگی اور وقار کے مابین توازن برقرار رکھنے کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ کسی کو بھی دعوت نامے کے بغیر تقریب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس بار یوم آزادی کی تقریبات میں مشق کے دوران، معاشرتی فاصلے کے ضابطے پر عمل کیا جائے گا اور اس تقریب کی کشش ‘اسکول کے بچے’ اس بار نہیں ہوں گے کیونکہ انہیں اس بار کورونا کی وجہ سے تقریب سے دور رکھا گیا ہے۔ تقریب کا آغاز صبح 6.30 بجے این سی سی کیڈٹس کے گائے جھنے والے حب الوطنی کے ترانوں سے ہوگا۔ تمام عہدیدار شام 7.15 بجے وزیر اعظم کا استقبال کرنے کے لئے تیار ہوں گے اور وزیر اعظم لال قلعے کی فصیل سے قومی پرچم لہرا ئیں گے۔

جائے تقریب پر سہل نقل وحمل، بھیڑ کم کرنے اور مناسب فاصلے کو یقینی بنانے کے لئے لکڑی کے فرش قالین سے ڈھک دیاگیا ہے۔ تمام مدعو مہمانوں کے لئے آسانی سے گزرنے کو یقینی بنانے اور لوگوں کو قطار میں کھڑا ہونے سے روکنے کے لئے مناسبفاصلے پر اضافی میٹل ڈیٹیکٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔ پارکنگ کے بیشتر علاقوں میں گاڑیاں آسانی سے داخل ہونے اور باہر نکلنے کے لئے اینٹیں بچھائی گئی ہیں۔

گارڈ آف آنر میں شامل سیکیورٹی اہلکاروں کو سیکیورٹی کے لئے قرنطین میں رکھا گیا ہے۔ رہنما خطوط کو مد نظر رکھتے ہوئے، تقریب کے دوران دو مہمانوں کے درمیان بیٹھنے کا فاصلہ دو گز یعنی 6 فٹ رکھا گیا ہے۔ تقریب میں داخل ہونے کے لئے دعوت نامہ کا ہونا ضروری ہے، لہذا جو لوگ باضابطہ دعوت نامہ نہیں رکھتے انہیں تقریب میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ عہدیداروں، سفارتکاروں، عوامی نمائندوں اور میڈیا وغیرہ کو 4000 سے زیادہ دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں۔ حفاظت کے مدنظر این سی سی کیڈٹس کو چھوٹے اسکول کے بچوں کی بجائے تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا اور انہیں گیان پتھ پر بٹھایا جائے گا۔

کووڈ سے متعلق حفاظتی اقدامات کے لئے مدعو مہمانوں کو حساس بنانے کے لئے، ہر دعوت نامے والے کارڈ کے ساتھ کووڈ سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کے لئے مخصوص مشورے جاری کیے گئے ہیں۔ تقریب ختم ہونے کے بعد، ہر دعوت نامہ والے مہمان کی نشست پر اپیل کارڈ رکھا جائے گا تاکہ وہ اس سلسلے میں رہنما اصولوں پر عمل کریں اور مقام سے باہر نکلتے وقت تحمل اور صبر کو برقرار رکھا جاسکے۔ اس سلسلے میں کمنٹری کے بوتھ سے وقتا فوقتا ایک اعلان بھی کیا جائے گا۔ اس میں ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری بھی شامل ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!