بگدل: درگاہ آستانہ قادریہ میں ماہانہ حلقہ درس تصوف، ڈاکٹرالحاج شاہ محمد ادریس احمد قادری کا خطاب
بید:۔4/اگست(اے ایس ایم) سرکار دو جہاں ؐ اور اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کرنا ہی ہمارا مقصد ہے۔یہاں آستانہ قادریہ میں خالص کلام اللہ و کلام نبوی کی تعلیمات کو عام کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر طریقت ڈاکٹر خلیفہ الحاج شاہ محمد ادریس احمد قادری بگدلی صاحب سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں منعقدہ ماہانہ حلقہ درس تصوف کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور ؐفرماتے ہیں کہ تمام مہینوں کا سردار ماہ رمضان المبارک ہے اور تمام مہینوں میں حرمت والا مہینہ ماہ ذی الحجہ ہے۔ ماہ ذی الحجہ بڑی شان و شوکت اور عظمت والا ماہ مبارک ہے۔ اسی ماہ میں حضرت سیدنا ابراہیم خلیل اللہ کو اللہ تعالیٰ نے اپنی دوستی سے نوازا۔ اسی ماہ میں حضرت ابراہیم خلیل اللہ ؑ نے اپنا مال مہمانوں کیلئے، اپنی جان آتش نمرود کیلئے اور اپنے چہیتے فرزند حضرت اسمٰعیل ذبیح اللہ کو اللہ کی رضا کیلئے قربانی کی خاطر پیش کیا۔
اس ماہ میں حضرت براہیم ؑ نے کعبہ شریف کی بنیاد رکھی۔ خلیفہ ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری بگدلی صاحب نے کہا کہ وہ پانچ وقتوں کی نمازوں کی پابندی کریں اور اپنے دلوں سے کینہ بغض،عناد نکال پھینکیں،ہمیشہ سچ بولیں اور تقویٰ و پرہیز گاری کو اپنائیں۔انہوں نے اللہ کی وحدت اور اولیاء اللہ کی محبت کے بیشمار واقعات پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور درس تصوف دیا۔ انھوں نے مزید کہا حضور ؐ فرماتے ہیں کہ اے اللہ دین مبین کی حقانیت کو قائم رکھنے کیلئے عمر ؓ کو اسلام میں داخل فرمایا ۔ کفار و مشرکین میں سے صرف 39لوگ ہی ایمان لائے تھے حضرت عمرؓ نے کہا تھا کہ چالیس ہونے نہیں دونگا۔اللہ خود فرماتاہے عمر ؓتم چالیسویں مسلمان ہوں گے۔حضرت عمر بارگاہ رسالت میں تشریف لاتے ہیں حضورؐ کی ایک نظر کرم عمر پر پڑی کے آپ مسلمان ہوگئے۔
انہوں نے کہا امیر المومنین حضرت عمر فاروقؓ نے خلافت اسلامیہ کی علمداری کو بائیس لاکھ 50ہزار مربع میل تک وسعت دی عراق، شام، ایران، مصر اور روم کے علاقوں پر چم اسلام لہرایا۔شوکت دین عزت مسلمین اور دبدبہ کے ساتھ آپ ؓ کا عظیم کارنامہ اس ”پاکیزہ و خدا ترس تصور نظم و نسق و معاشرہ“ کو متشکل کرنا ہے جو منشاء قرآن اور ارادہ صاحب قرآن تھا۔انہوں نے حضرت عمرؓ کے زندگی کے بیشمار پہلوں پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ کورونا وباء کے خاتمہ کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔سلام فاتحہ دعائے سلامتی کے بعد یہ روحانی تقریب تکمیل پذیر ہوئی۔ اس موقع پر افراد خاندان موجود تھے۔۔۔