حکومت قربانی کے عمل میں آسانی فراہم کرے، یہ تباہ حال معیشت کیلئے بھی سود مند
ممبئی میں مسلم تنظیمیں وعلماء کی پریس کانفرنس، وزیر اعلٰی مہاراشٹرا سے ملاقات کے ذریعہ حل نکالنے کا اعلان
ممبئ : 29/ جولائی (پریس ریلیز) مشترکہ پلیٹ فارم- مسلم تنظیمیں و علماء ممبئی میٹرو کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم جماعتوں کا یہ نمائندہ اجلاس کورونا کی بابت مہاراشٹر اور ممبئی کی حالت میں پہلے کی بہ نسبت بہتری پر خوشی کا اظہار کرتا ہے۔ اس معاملے سبھی طبقات کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون اوراشترک قابلِ ستائش رہا ہے۔ ماہ اگست کی ابتداء عیدالاضحیٰ سے ہورہی ہے اور اس کے بعد نہ صرف یوم آزادی بلکہ دیگر تہواروں کا سلسلہ ہے۔
یہ اجلاس توقع کرتا ہے کہ آنے والے تہوار بھی نظم و احتیاط سے منائیں جائیں گے اور اس سے کورونا کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
قربانی کی ادائیگی کے تعلق سےریاستی حکومت کے فیصلے میں عملی مشکلات کے سبب عوام کے اندر شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ فون یا انٹر نیٹ کے ذریعہ بکروں کی حصولیابی عملاً ممکن نہیں ہے۔ اس لیے مسلم محلوں میں چھوٹی چھوٹی منڈیوں کا انتظام حکومت کی جانب سے کیا جائے تاکہ لوگ سوشیل ڈسٹنسنگ کا خیال کرکے مویسی خرید سکیں اور انہیں دور سے جانور لانے کی زحمت بھی نہ ہو۔ اسی طرح دیونار کے اندر بڑے جانور کی قربانی کا بھی مناسب انتظام کیا جائے تاکہ احتیاط کے ساتھ اس فرض کی ادائیگی میں سہولت ہو۔
بکروں کی آمد کے سلسلے میں بظاہر پابندی نہیں ہے لیکن انتظامیہ کی سختی کے سبب دشواریوں کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ جانوروں کے ٹرک راستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس مویشی اور ان کے مالک دونوں پریشان ہیں ۔ ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ تہوار کے پیش نظر اانتظامیہ بکروں کی ترسیل (ٹرانسپورٹ) میں نرمی برتے۔ اس سے بیماری کے پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے، لیکن عوام کو عیدالاضحیٰ کی قربانی میں بڑی سہولت ہوگی۔ قربانی کے ذریعہ مسلمان تو اپنا دینی فریضہ ادا کریں گے لیکن یہ سرگرمی تباہ حال معیشت کے لیے بھی سود مند ہے۔ اس سے سماج کے تمام طبقات کا فائدہ ہوگا ۔
یہ اجلاس قربانی کرنے والے مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ بکروں کی خرید سے قربانی کی تقسیم تک سارے مراحل میں بھیڑ بھاڑ سے گریز کریں اور حسب معمول صاف صفائی کا خصوصی اہتمام کریں ساتھ ہی پریس کانفرس میں یہ بھی طے کیا گیا کے وزیر اعلٰی ادھو ٹھاکرے فوری ملکر ان مسائل کا حل نکالا جائیگا۔
اس موقعہ پر مولانا محمود دریابادی (علماء کونسل)، حافظ اطہر علی (مہتمم داالعلوم محمدیہ)، مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب(جمعیت علماء – ارشد مدنی)، مولانا عبدالسلام سلفی صاحب(جمعیت اہل حدیث)، مولانا اعجاز کشمیری صاحب( اہلسنت والجماعت)، مولانا حافظ ندیم صدیقی(جمعیت علماء – محمود مدنی)، مولانا سید محمد فیاض باقر صاحب(شیعہ اثنا عشری)، جناب فرید شیخ صاحب (ممبئی امن کمیٹی)، ڈاکٹر سلیم خان صاحب ( نائب امیر جماعت اسلامی ہند حلقہ مہاراشٹرا )، عبد الحسیب بھاٹکر صاحب (جماعت اسلامی ہند ممبئی نے اظہارِ خیال کیا۔ مزید تفصیلات کے لیے رابطہ کریں۔ 09820099169 / 09137050873