ملک کو مفاد پرست حکومت کی ضرورت نہیں: پرینکا گاندھی
وارانسی: 20 مارچ(یواین آئی) مرکزی کی موجودہ حکومت کو عوام مخالف اور ’’مغرور‘‘ قرار دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو کہا کہ ملک کی عوام کو نئی حکومت کی تلاش ہے جو سماج کے ہر طبقے کی ضرورتوں کو ایمانداری سے پورا کرنے کی اہل ہو۔
مسٹر مودی کے پارلیمانی حلقے وارانسی میں ندی کے سہارے روزی روٹی چلانے والے نشاد اور دیگر سماج کے لوگوں کو گنگا ساحل کے تاریخی گھاٹ پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا’’ پانچ سالوں میں آپ نے دیکھا کی ملک میں کی کیا حالت ہوگئی ہے۔ ہر سال دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ کسانوں کو نہ تو کھاد بیج کے لئے پیسے ملے اور نہ ہی ان کے فصل کی مناسب قیمت دی گئی۔ اس وجہ سے بہت سے کسانوں کو خودکشی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
محترمہ واڈرا نے نریندر مودی حکومت پرخواتین اور مزدور مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لوگ اس انتخاب میں ایسے لیڈروں اور پارٹیوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لئے حق رائے دہی کا استعمال کریں جن کا مقصد سماجی خدمت کے بجائے اقتدار کے مزےحاصل کرنا ہوگیا ہے۔ ملک کے غریب۔ مزدور، کسان، بے روزگاروں اور خواتین کو بی جے پی کی مغرور حکومت نہیں چاہئے۔ جس نے اپنے پانچ سالہ معیاد کار میں سماج کے ہر طبقے اور اداروں کو تباہ کرنے کا کام کیا ہے۔
انہوں نے مرکز میں کانگریس کی حکومت بنانے میں مدد کی اپیل کرتےہوئے کہا ’’ آپ کو ایسی حکومت کا انتخاب کرنا چاہئے جو مغرور نہ ہو اور آپ کے ہر مسئلے کو سلجھا سکے۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہےکہ مرکز میں ان کی حکومت بنی تو نشادسماج کے ملاحوں سمیت ندی کے سہارے اپنی زندگی گذارنے والے تمام لوگوں کے مسائل دور کرنے کے لئے علیحدہ وزارت قائم کی جائے گی۔ غریبوں، بے روزگاروں اور کسانوں سمیت سماج کے ہر طبقے کی ضرورتوں کا پورا خیال رکھا جائے گا