دیگر ریاستیںریاستوں سے

بہارسی ایم رہائش کے تقریباً 80 سے زائد اسٹاف کورونا پازیٹو

ایک طرف پی ایم سی ایچ میں کووڈ-19 پازیٹو طبی اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے، اور دوسری طرف پٹنہ ایمس کے اب تک 8 طبی اہلکار کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔

بہار میں گزشتہ کچھ دنوں کے دوران کورونا کا قہر بہت تیزی کے ساتھ بڑھا ہے اور راجدھانی پٹنہ کی حالت دن بہ دن دگر گوں ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ طبی اہلکاروں کے کورونا کی زد میں آنے کی خبریں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ اس درمیان ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ بہار وزیر اعلیٰ رہائش کے تقریباً 7 درجن افراد کورونا پازیٹو ہو گئے ہیں۔ ہندی نیوز پورٹل ‘نیوز18’ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اب تک وزیر اعلیٰ رہائش کے 80 سے زائد اسٹاف کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ رہائش کے کینٹین میں تعینات ملازم سے لے کر سکریٹری کے ڈرائیور تک کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار بھی پازیٹو پائے گئے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ سکریٹری میں موجود ملازمین کا بھی سیمپل لیا گیا ہے تاکہ کورونا ٹیسٹ کے ذریعہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ اس کا پھیلاؤ کس حد تک ہوا ہے۔

اس دوران پٹنہ واقع پی ایم سی ایچ (پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل) میں بھی طبی اہلکاروں کے پازیٹو ہونے کی خبریں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ ترین خبروں میں بتایا گیا ہے کہ تین مزید ڈاکٹر کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں اور 2 نرس کے بھی پازیٹو ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تازہ کورونا پازیٹو معاملوں کے ساتھ پی ایم سی ایچ میں کووڈ-19 پازیٹو طبی اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف پٹنہ ایمس میں بھی گزشتہ دن ایک نرس کورونا پازیٹو ہو گئی ہے جب کہ 3 ڈاکٹر پازیٹو ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرائے گئے ہیں۔ پٹنہ ایمس کے اب تک 8 طبی اہلکار کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پٹنہ میں گزشتہ کچھ دنوں سے کورونا پازیٹو معاملے بہت تیزی کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے 10 جولائی سے 16 جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ جمعرات سے جمعہ کے درمیان (24 گھنٹوں میں) سب سے زیادہ 385 کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آنے سے ایک افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سول سرجن ڈاکٹر راج کشور چودھری کا کہنا ہے کہ پٹنہ میں کورونا انفیکشن کی تعداد اب 1888 ہو گئی ہے ان میں سے 1180 افراد مختلف آئسولیشن سنٹر میں داخل ہیں۔ اب تک ضلع میں کورونا سے 17 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!