انجنیئر الحاج محمد شفیع الدین سوداگر بگدلی کا انتقال پُرملال
بیدر: یکم جولائی (اے این این) یہ خبر انتہائی دکھ کے ساتھ پڑھی جائیگی کہ انجنیئر الحاج محمد شفیع الدین ولد محمد احمد علی سوداگر کا انتقال پُر ملال آج صبح کی اولین ساعتوں میں 3:30 بجے بیدر میں ہوا۔ ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق 45 سالہ محمد شفیع الدین نے شام میں سینے میں تکلیف کی شکایت کی۔ جنہیں ڈسٹرکٹ سیول ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں وہ علاج کے دوران صبح تقریباً 3:30 بجے حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔ بعد اذاں میت کو آبائی وطن بگدل لے جایا گیا۔ جہاں پر صبح 9:45 بجے بگدل کی جامع مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور تدفین بگدل کے قبرستان میں عمل میں آئی۔ پسماندگان میں اہلیہ، 1لڑکااور 2 لڑکیاں ہیں۔
واضح رہے کہ لاک ڈاون کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق جلوس جنازہ میں زائد لوگوں کو جمع نہ کرنے کے احکامات پر عمل آوری کے پیشِ نظر ہی افراد نے شرکت کی۔ مرحوم محمد شفیع الدین، جناب محمد ظہیرالدین اور محمد سراج الدین (روز الیکٹریکل) کے چھوٹے بھائی تھے۔ دونوں بھائیوں نے اپنے چھوٹے بھائی محمد شفیع الدین کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔
جیسے ہی انجنیئر محمد شفیع الدین کے انتقال کی خبر ان کے اہل خانہ، دوست احباب اور اہلیانِ بگدل تک پہنچی رنج وغم کا ماحول دیکھا گیا۔ ان کے اس اچانک انتقال پر مقامی جماعت اسلامی ہند کے وابستگان نے بھی اظہارِ تعزیت پیش کیا۔ ساتھ ہی مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ اور مرحوم کے نیک کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے اوصاف کو یاد کیا۔
محمد یوسف کنی معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، کرناٹک کا اظہارِ تعزیت
“اناللہ وانا الیہ رجعون” انجنئیر محمد شفیع الدین بگدل امیدوارِ رکنیت جماعت اسلامی ہند 46 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم خوش مزاج، نرم گفتگو، حوصلہ مند شخصیت کے مالک تھے۔ گذشتہ سال اکتوبر میں امیرحلقہ کادورہ بگدل ہوا تھا اس موقع پر انفرادی ملاقات ہوئی تھی، بگدل گرام آدرش سمیتی میں اچھا رول تھا۔ شہر میں تحریکی کام کے لئے فکر مند رہتے تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ عنایت کرے اور گھر والوں کو صبرجمیل عنایت فرمائے۔ آمین۔