رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ
کولکاتا میں رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 4.50 روپے بڑھ کر 620.50 روپے، ممبئی میں 3 روپے 50 پیسے بڑھ کر 594 روپے اور چنئی میں چار روپے کے اضافے کے ساتھ 610 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔
نئی دہلی: ایک طرف ملک کے عوام کورونا وائرس وبا اور تیل کی لگاتار بڑھ رہی قیمتوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے سبب پریشان ہیں، اور دوسری طرف مزید ایک جھٹکا آج اس بات سے لگا ہے کہ رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی تیل تقسیم کرنے والے کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں یکم جولائی سے 14.2 کلوگرام گھریلو رسوئی سلنڈر کی بازار میں قیمت 594 روپے ہوگئی ہے۔ اس سے قبل جون میں اس کی قیمت 593 روپے تھی۔
یہاں قابل ذکر ہے کہ رسوئی گیس کی قیمتوں میں یہ اضافہ لگاتار دوسرے مہینے کیا گیا ہے۔ جون کے مہینے میں دہلی میں اس کی قیمت 11.50 روپے فی سلنڈر بڑھائی گئی تھی۔ رسوئی گیس کی قیمت کا جائزہ ماہانہ بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں بھی آج سے رسوئی گیس سلنڈر مہنگا ہو گیا ہے۔ کولکاتا میں اس کی قیمت 4.50 روپے بڑھ کر 620.50 روپے، ممبئی میں 3 روپے 50 پیسے بڑھ کر 594 روپے اور چنئی میں چار روپے کے اضافے کے ساتھ 610 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔
جہاں تک ہوٹل اور ریستوراں وغیرہ میں استعمال ہونے والا 19 کلوگرام کا کمرشیل سلنڈر کی بات ہے تو دہلی میں یہ چار روپے سستا ہوا ہے، لیکن کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں اس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں اس کی قیمت 1190 روپے 50 پیسے سے کم ہوکر 1135.50 روپے رہ گئی ہے۔ کولکاتا میں اس کی اس کی قیمت چار روپے کے اضافے کے ساتھ 1197.50 روپے، ممبئی میں تین روپے بڑھ کر 1090.50 روپے اور چنئی میں ایک روپے بڑھ کر 1255 روپے پر پہنچ گئی ہے۔