کسانوں کو فراہم کیے گئےنقلی اورناقص بیج سے نقصان کی بھرپائی حکومت کرے: اروندکمارارلی
بیدر27جون(وائی آر) بیج اگر ناقص، خستہ یاپوری طرح خراب نکلے ہیں، اس کا ذمہ دارمحکمہ اگریکلچر ہے۔ جن جن کسانوں کو ناقص، نقلی، خستہ یاخراب بیجوں کے سبب نقصان ہواہے اس کی بھرپائی محکمہ ایگریکلچر کرے۔ اسی طرح بیج کو جس کمپنی نے سربراہ کیاتھا اس کے خلاف کریمنل کیس کرنے کامطالبہ رکن قانون سازکونسل اروندکمارارلی نے کیاہے۔ انھوں نے آج جوائنٹ ڈائرکٹر محکمہ زراعت بیدر کے نام ایک مکتوب روانہ کیاہے اور اس میں مذکورہ مطالبات کے ساتھ اس بات کو دریافت کیاہے کہ کسانوں کو کھاد کی فراہمی کی صورتحال کیاہے؟ اس کی فوری اطلاع دی جائے۔
جناب اروندکمارارلی نے آج اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ڈاکٹرس، آشاکارکن، ہیلتھ ورکرس،محکمہ پولیس اور محکمہ بلدیہ کے ملازمین کے شارٹ ٹرم انشورنس کو منظوری دی جائے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنی فیملی کو چھوڑ کر کوویڈ۔ 19کامقابلہ کرتے ہوئے ہماری حفاظت میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ موت کے منہ میں آنکھیں ڈال کر ہردن بات کرتے ہیں۔ انھیں سینی ٹائزر، ماسک، کٹ اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کئے جانے چاہیے۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ آج آشاکارکنان کے پاس صرف ایک تھرمامیٹر ہے جس کے بل بوتے پر وہ سروے اور صحت جانچ کے لئے نکلتی ہیں۔ان کی حفاظت اور ان کے گھر کی حفاظت کے لئے حکومت آگے آئے۔ پھول ڈالنے اورموم بتی جلانے سے کچھ نہیں ہوگا۔
مسٹر ارلی نے کوویڈ۔ 19سے نمٹنے میں حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہاکہ جس وقت کورونا متاثرین کی تعداد 50سے 500 تھی، اس وقت ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیاگیا۔ اب جبکہ لاکھوں افراد اس سے متاثر ہورہے ہیں، ہردن ہزاروں کے متاثرہونے کی خبریں عام ہیں، ایسے میں لاک ڈاؤن نہ کرنانادانی ہی کہلائے گی۔ ماہ جنوری اور فروری سے ہی لاک ڈاؤن کیاجاتاتو اچھاتھا۔ دراصل بی جے پی والوں کو حکومت کرنا نہیں آتا۔ غیرمحفوظ اور غیرتکنیکی بنیادوں پر کوویڈ۔ 19کے خلاف لڑائی کرنے کاانجام یہ ہے کہ ریاست کرناٹک کے وزیر طبی تعلیم ڈاکٹر کے سدھاکر کاگھرکوروناوائرس سے محفوظ نہیں رہا۔اگر ایسا ہی سلسلہ چلتارہا، ان دیکھی ہوتی رہی تو، کل کلاں کو کسی اور وزیر کے گھر کورونا دستک دے گا۔لیکن میری دعا ہے کہ وہ دن کبھی نہ آئے۔ اور سارا ملک کورونا سے مکت ہوجائے۔