ہندوستان کی تقریباََ آبادی کورونا سے ہوگی متاثر!
وبائی امراض کے ماہر جے پرکاش مولیل کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی نصف آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتی ہے، لیکن اس سے بہت زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہندوستان میں کورونا انفیکشن کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور روزانہ درج کیے جا رہے نئے معاملے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ آج کی بات کی جائے تو حکومت نے جو اعداد و شمار جاری کیے ہیں اس کے مطابق 15968 کورونا انفیکشن کے نئے کیسز پورے ہندوستان میں درج کیے گئے ہیں اور یہ نمبر اب تک 24 گھنٹوں کے دوران درج کیے گئے معاملوں میں سب سے زیادہ ہے۔ لیکن ابھی حالات مزید خراب ہونے والے ہیں اور ایک اندازہ کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ ہندوستان کی نصف آباد یعنی تقریباً 67 کروڑ لوگ کورونا انفیکشن کی زد میں آئیں گے۔
وبائی امراض کے ماہر جے پرکاش مولیل کے حوالے سے ہندی نیوز پورٹل ‘جن ستّا’ نے ایک خبر شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کی نصف آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتی ہے۔ حالانکہ جے پرکاش کا کہنا ہے کہ اس سے بہت گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جتنی جلد وائرس ملک کی نصف آبادی کو متاثر کرے گا، اتنا ہی بہتر ہوگا۔ دراصل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایپیڈیمیولوجی میں سائنٹفک ایڈوازئری کمیٹی کے سربراہ جے پرکاش کا کہنا ہے کہ نصف آبادی پر کورونا وائرس کا حملہ ہونے کی صورت میں ہی ہندوستان میں ہرڈ امیونٹی کی شروعات ہوگی اور ملک میں اس وائرس کے خلاف جوابی حملہ کی صلاحیت پیدا ہوگی۔
جے پرکاش کا کہنا ہے کہ جیسے حالات اس وقت پیدا ہو چکے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے ہرڈ امیونٹی کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل کورونا سے نمٹنے کے لیے نظر نہیں آتا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس ملک کی بڑی آبادی کے لیے مضر نہیں ہے، اس سے صرف چھوٹی آبادی کو ہی خطرہ ہے۔ حالانکہ ساتھ ہی جے پرکاش نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان میں اگست تک معاملے سب سےز یادہ ہوں گے اور پھر انفیکشن کے نئے معاملے کم ہوتے ہوئے نظر آئیں گے۔