ہمارے فوجیوں کی بہادری اور قربانی کو کم بتانے کی حماقت کوئی نہ کرے، کپل سبل کے مرکزی حکومت سے 5 سوال
ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعے منعقد پریس کانفرنس سے کپل سبل نے کہا کہ ہمارے جرأت مند فوجیوں کی بہادری اور قربانی کو کم گرداننے کی حماقت کوئی نہ کرے، ہندوستانی فوج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے میں اہل ہے
نئی دہلی: کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزارت خارجہ کے بیانات کے بر عکس کُل جماعتی میٹنگ میں وزیر اعظم کے اس بیان پر شک و شبہات پیدا ہوتے ہیں کہ ’ہندوستانی سرحد میں کوئی داخل نہیں ہوا اور ہماری کوئی چوکی دشمن کے قبضہ میں نہیں ہے۔
کانگریس رہنما کپل سبل نے اتوار کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ چین نے ہندوستانی سرحد میں دراندازی نہیں کی۔ مودی کی طرح ہی چین بھی یہی کہتا ہے کہ وہ ہندوستان میں داخل نہیں ہوا، چونکہ پوری وادی گلوان اس کی ہے اور اس کے جوان اپنے علاقہ میں ہیں۔ یعنی چینی فوجی وادی گلوان میں ہیں اور مودی کہہ رہے ہیں کہ کوئی ہماری سرحد میں داخل نہیں ہوا۔ اسی بیان بازی کا فائدہ اٹھا کر چین ڈنکے کی چوٹ پر کہہ رہا ہے کہ اس نے کسی سرحد کی خلاف ورزی نہیں کی۔
کپل سبل نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیان پر بعد میں حکومت نے وضاحت پیش کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی نے حقیقت کو چھپانے کا کام کیا ہے۔ وزیر اعظم کو یہ بتانا چاہئے کہ کہ وادی گلوان میں چینی فوجیوں کی موجودگی پر انہوں نے وہی بات کیوں دوہرائی جس کا چین دعوی کر رہا ہے۔وزیر اعظم کو وضاحت پیش کرنی چاہئے کہ چینی فوجیوں کے ہندوستانی سرحد پر قبضہ نہیں کیا تو ہمارے 20 فوجی شہید اور 85 زخمی کیسے ہوئے۔ اسی واقعہ میں 10 فوجی افسران کو چین نے یرغمال بنایا، جنہیں اب واپس لوٹا دیا گیا ہے۔
کپل سبل نے سوال کیا کہ اگر مودی کے بیان کے مطابق چین کی فوج ہندوستانی سرحد میں نہ تو داخل ہوئی اور نہ ہی چین نے ہماری کوئی زمین قبضہ میں لی تو پھر حکومت کو یہ بتانا چاہئے کہ یہ سب کیسے ہوا؟
کپل سبل نے مرکزی حکومت سے یہ 5 سوال پوچھے:
- کیا وزیر اعظم کا بیان 20 جوانوں کی شہادت کی بےحرمتی نہیں ہے؟ کیا مرکزی حکومت کا مفہوم یہ ہے کہ ان کی قربانی بے معنی ہے؟
- کیا یہ صحیح نہیں ہے کہ چین نے وادی گلوان پر پہلے کبھی اپنا حق نہیں جتایا؟ کیا یہ صحیح نہیں ہے کہ چین نے اب وادی گلوان میں درندازی کرنے کی جرأت کی ہے؟
- پانگونگ جھیل کے علاقہ میں 9 کلومیٹر اندر تک چینی فوج کی طرف سے درندازی کرنے، بنکر اور بوٹ پیڈس سمیت 60 سے زیادہ مستقل ڈھانچے تعمیر کرنے اور فنگر 4 تک قبضہ کرنے کے حوالہ سے دفاعی ماہرین، فوجی جنرل کے بیانات اور سٹیلائٹ تصاویر کے باوجود مرکزی حکومت چینی درندازی کو خارج کیوں کر رہی ہے؟
- وزیر اعظم نے کُل جماعتی اجلاس میں یہ کیوں کہا کہ ہماری زمین پر کسی نے درندازی نہیں کی؟ پی ایم او نے اپنی سرکاری بیان سے ان الفاظ کو کیوں ہٹا دیا؟ اور اگر کسی نے درندازی نہیں کی تو ہمارے 20 فوجی شہید اور 85 زخمی شدید طور پر زخمی کیسے ہو گئے؟ اور چینی فوج کی طرف سے 10 فوجی افسروں کو یرغمال کیوں بنایا گیا؟
- وزیر اعظم اپنے ہی وزیر دفاع اور وزیر خارجہ کے بیان کی تردید کیوں کر رہے ہیں کہ چینی فوج نے وادی گلوان میں ہماری جانب ڈھانچہ کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے؟