بیدر: شہرکےغریب اورمستحق طلبہ کی تعلیمی امداد کے لئے ایس آئی او نے کیا اعلان
بیدر: 19/جون (اے این یو) ملک کی سب سے بڑی اسلامی طلباء تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) طلبہ کے تعلیمی مسائل اور ان کے حل کے لیے ہمیشہ سنجیدہ اقدامات اور سرگرمیوں کو انجام دیتی ہے۔ لاک ڈاوٴن کے ایسےنازک حالات میں غریب و مستحق طلبہ کے لئے تعلیمی امداد کے طور پر اسٹوڈنٹس کِٹ کے نام سے تعلیمی اشیاء پر مشتمل 1500سے زائد اسٹوڈنٹس کِٹس مفت تقسیم کرنے کا ایس آئی او بیدر نےاعلان کیا ہے۔
ڈاکٹرارشاد نوید صدر مقامی ایس آئی او بیدر نے اس سے متعلق ایک اخباری بیان جاری ہوئے بتایا کہ لاک ڈاوٴن کے پیش نظرغریب اور مزدور پیشہ افراد بہت ہی معاشی مسائل میں گِھر چکے ہیں۔ معاشی بحران کے اس دور میں جہاں غریب افراد کھانے کو تک محتاج ہوئے ہیں، وہ اپنے بچوں کی تعلیمی ترقی کو لے کر بےحد فکرمند اور تشویش میں مبتلا ہیں۔ یہ مسئلہ اُن کے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے میں سنگین رکاوٹ اور ڈراپ آؤٹ کے لیے مجبوری بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی او کے کارکنان شہر کے مختلف سلم بستیوں کا سروے کررہے ہیں۔
اس سروے میں ایسےغریب والدین/خاندان کی نشاندہی کی جارہی ہے جو معاشی بحران کا شکار ہیں، جو اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ اس سروے کی بنیاد پر جماعتِ ہشتم (آٹھویں تا دسویں) تا جماعتِ دہم کے تمام طلبہ و طالبات چاہے وہ کسی بھی مذہب/اسکول/میڈیم سے تعلق رکھتے ہوں، غریب اور مستحق فرار پاتے ہیں تو ان میں تعلیمی امداد کے طور پر ان کے لئےاسٹوڈنٹس کِٹ مفت تقسیم کرنے کا ایس آئی او بیدر یونٹ نے فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر صدر مقامی ایس آئی او بیدر نے اہلِ خیرحضرات سے اس کام میں آگے بڑھ کرایس آئی او کے کارکنوں کی رہبری اور رہنمائی کرتے ہوئے عملی اور مالی تعاون پیش کرنے کی اپیل کی اورساتھ ہی تمام اہلیانِ بیدر، سوشیل ورکر، اساتذہ و ذمہ داران سے یہ اپیل کی ہے کہ ایسے مستحق طلبہ کی نشاندہی میں تعاون کریں، تاکہ مستحق افراد تک تعلیمی اشیاء پر مشتمل یہ کِٹ پہنچائی جاسکے۔ مزید تفصیلات کے لیے موبائل نمبر 9902056749 پر رابطہ پیدا کیا جاسکتا ہے۔