تلنگانہ-اے پی میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
حیدرآباد: 17/جون- محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی ساحلی اے پی کے اضلاع سریکاکلم،وجیانگرم اور وشاکھاپٹنم میں بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ تلنگانہ،شمالی ساحلی اے پی کے ساتھ ساتھ یانم میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔آئندہ پانچ دنوں کے دوران تلنگانہ،جنوبی ساحلی اے پی کے بعض مقامات پر ہلکی تا اوسط یا پھرگرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جنوب مغرب مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہے جس کے اثر سے حیدرآباد سمیت ریاست بھرمیں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے کئی علاقوں میں منگل کی دوپہر بارش ہوئی۔ صبح ہی سے کئی مقامات پر سیاہ بادل نظر آرہے تھے تاہم منگل کی دوپہر بیشتر مقامات پر زبردست بارش ہوگئی جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی۔بعض مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے راہگیروں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا اور ٹریفک میں رکاوٹ بھی پیداہوگئی۔