ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے کو دھمکی۔ فوری تحقیقات کرنے کی اپیل
بیدر:11/جون (وائی آر) پارلیمنٹ میں کانگریس پارٹی کے سابق قائد ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے اور ان کے فرزند سابق وزیر اور رکن اسمبلی پریانکا کھرگے کو جان سے ماردینے کی دھمکی دینے والے افراد کوفوری گرفتار کرنے ضلع کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریڑی ایم اے سمیع نے اپیل کی ہے۔ نامعلوم شخص کی جانب سے فون کرکے جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملہ کو حکوم سنجیدگی سے لے۔ ملیکارجن کھرگے کی سیاست 5دہائیوں پر مشتمل ہے۔ پارٹی، ریاست اور مرکز ی حکومت کے مختلف بڑے عہدوں پر انھوں نے اپنی خدمات دی ہیں۔ جو کرناٹک اور ملک کے لئے لاثانی ہیں۔
ایم اے سمیع نے بتایاکہ جس وقت کھرگے مرکزی وزیر تھے تب انھوں نے کئی ایک عوامی فلاحی اسکیمات جاری کیں۔ غریب، دین دلت، بے سہارا افراد کوانھوں نے سہارادیا۔ کلیان کرناٹک اور ریاست کی ترقی کے لئے کئی ایک قدم انھوں نے اٹھائے۔ کھرگے ملک کے غیرمتنازعہ سیاست دان ہیں۔ ان کی زندگی عوام کے لئے وقف ہے ایسے شخص کو جان سے ماردینے کی دھمکی دینا قابل مذمت ہے۔ کھرگے سے متعلق اس دھمکی کی تحقیقات کی جائیں۔ اور ملزمین کو گرفتار کرکے سخت قانونی اقدامات کرنے کا ایم اے سمیع نے مطالبہ کیا۔