ایس آئی او کا حکومتِ تلنگانہ سے مطالبہ: ایس ایس سی امتحانات کے دوران طلبہ کی طبی احتیاطی تدابیر اور صحت کی حفاظت کو یقینی بنائے
حیدرآباد:31/مئی ( پریس ریلیز) تلنگانہ حکومت نے ہائی کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد اعلان کیا کہ ایس ایس سی امتحانات کا آغاز 8 جون سے ہوگا۔ ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین ریاستی صدر ایس آئی او تلنگانہ نے صحافتی بیان میں کہا کہ ہم امتحان کو دوبارہ منعقد کرنے کے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تاہم، جسمانی دوری کی مشق کرنا اور بہترین طبی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ امتحانات میں شرکت کے دوران طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنائے۔کوویڈ 19 کے درمیان جبکہ حکومت امتحانات کے انعقاد کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے، ہمیں اپنے تعلیمی نظام پر نظرثانی کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
ناقص انفراسٹرکچر اور بغیر تیاریوں کی وجہ سے بورڈ کسی قابل بھروسہ متبادل امتحان کے نظام کے ساتھ نہیں آ سکا،جو یہ انکشاف کرتا ہے کہ طلبہ کو ‘تعلیم یافتہ’ ہونے کے بجائے صرف ایک خاص کام یعنی جوابی پرچہ لکھنے کی تربیت دی گئی ہے، چونکہ یہ وبائی بیماری ہماری زندگیوں پر لمبے عرصے تک اثر انداز ہوتی ہے، اسی لئے طلبہ کو بھی ماہرین کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ زندگی گزارنے کے لئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹرعبدالواسع (ڈبلیو ایچ او مشیر) نے مشورہ دیا کہ ایس ایس سی بورڈ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ ہر امتحانی مرکز میں صحت کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے محکموں کے مابین شفافیت ہو۔انہوں نے کہاکہ ایس آئی او حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ امتحانی مراکز مستقل اور اچھی طرح سے صاف ستھرے ہوں۔جسمانی فاصلاتی اصولوں کے مطابق خصوصی امتحانی بسوں کا بندوبست کرکے سفر کو آسان بنایا جائے۔
احتیاطیتدابیر کو واضح کرتے بینرز، پوسٹرز اور فلیکس مناسب طبی امدادی اہلکاروں کے ساتھ ہر امتحانی سنٹر پر آویزاں کئے جائیں۔ریڈ زون کے تمام امتحانی مراکز میں درجہ حرارت کی جانچ، ماسک، جراثیم کش سپرے مشین لگایا جائے۔معاشرتی دوری کی بحالی کیلئے امتحانی مرکز کے آس پاس کم سے کم اجتماع کو یقینی بنانا ہوگا،شبہات کی وضاحت،والدین میں پائے جانے والے خدشات اور الجھنوں کو دور کرنے کے لئے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا جائے۔
کیمپس سکریٹری ایس آئی او تلنگانہ، قیام الدین نے بھی طلبہ پر زور دیا کہ وہ جسمانی فاصلاتی اصولوں پر عمل کریں اور امتحان کے فورا بعد گھر واپس آجائیں۔ انہوں نے طلبہ کی کامیابی اور ان کی صحت اور بہتر مستقبل کیلئے دعا کی۔