پرینکا گاندھی کی سی ایم یوگی سے اپیل، کانگریس کو مہاجر مزدوروں کے لیے 1ہزار بسیں چلانے کی اجازت دی جائے
پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت سے مہاجر مزدوروں کے لیے 1000 بس چلانے کی اجازت مانگی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مہاجر مزدوروں کی بے بسی و لاچاری دیکھ کر بہت فکرمند ہیں۔ انھوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک خط لکھ کر مہاجر مزدوروں کی بے بسی بیان کی ہے اور کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ کیے گئے اعلانات کے باوجود بے بس مزدور پیدل اپنے گھروں کو جا رہے ہیں اور مختلف حادثات میں اب تک تقریباً 60 مزدور ہلاک ہو چکے ہیں جو کہ کورونا سے صوبے میں ہوئی ہلاکتوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت سے گزارش کی ہے کہ وہ ریاست میں مہاجر مزدوروں کے لیے 1000 بس چلانے کی اجازت دے جس کا مکمل خرچ کانگریس اٹھائے گی اور لاک ڈاؤن کے درمیان سبھی طرح کے شرائط و ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے یہ کارروائی انجام دی جائے گی۔