آئیٹا مہاراشٹرا کی تعلیمی اداروں کے انتظامیہ سے اپیل
ناندیڑ: 3/مئی (پرس ریلیز) شیخ عبدالرحیم صدر آئیٹا مہاراشٹر کے جاری ایک بیان کے مطابق ہمارا ملک اور ساری دنیا اس Covid19 بیماری کے سنگین مسئلے سے دو چار ہے۔ ملک میں تقریباً ڈیڑھ مہینے سے لاک ڈاؤن ہے۔ لازمی ضروریات کے علاوہ ہرقسم کی معاشی سرگرمی بند ہے۔ غریب پریشان حال ہیں۔ ایسے میں اہل خیر حضرات ضرورت مندوں کی ممکنہ حد تک مدد کر رہے ہیں۔
یقینا یہ حالات کا تقاضا ہے لیکن سفید پوش اور خوددار مستحقین جو کسی آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے اس وقت سب سے بڑی آزمائش میں ہے۔ ان ہی میں نان گرانٹند اساتذہ ہیں۔ کئی اداروں نے اپنے طور پر انہیں انتظامیہ کی جانب سے تنخواہ دی ہے جو قابلِ ستائش ہے اللہ رب العزت انھیں دنیا اور آخرت میں جزائے خیر سے نواز ے۔
جن اداروں نے ابھی تک کسی وجہ سے نان گرانٹیڈ اساتذ ه کی تنخواہیں ادا نہیں کی ہے۔ ان سے پرزور اپیل ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہو انہیں تنخواہ ادکریں۔ اساتذہ ادارے کے خاندان کا ایک حصہ ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں اگر آپ انہیں انسانی ہمدردی اور ان کے جائز حق کے طور پر امداد کرتے ہیں تو یقینا وہ آپ کے ممنون و مشکور رہیں گے اور آئندہ ادارے کی ترقی کے لئے پہلے سے بھی زیادہ کوشاں رہیں گے۔ امید ہے کہ اس گذارش کو قبول کریں گے۔ اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔