تازہ خبریں

مودی حکومت نے ’لاک ڈاؤن‘ 17 مئی تک بڑھایا، اورنج اور گرین زون کے لئے مشروط رعایت

کورونا کی بے قابو ہوتی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نافذ ملک گیر لاک ڈاؤن میں مودی حکومت نے مزید دو ہفتوں کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے، اب لاک ڈاؤن 17 مئی تک جاری رہے گا

ملک میں کورونا وائرس کے واقعات میں ہر روز ہو رہے اضافہ کے پیش نظر مودی حکومت نے لاک ڈاؤن میں دوسری مرتبہ توسیع کئے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ’ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005‘ کے تحت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کو 4 مئی کے بعد دو ہفتوں کے لئے بڑھایا جاتا ہے۔ یعنی ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن اب 17 مئی تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ 24 مارچ سے نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن میں پہلے 14 مئی کو بھی توسیع کی گئی تھی اور اس کی مدت اب 3 مئی کو ختم ہونے جا رہی تھی۔

فلائٹ، ٹرین اور میٹرو خدمات پر پابندی جاری

لاک ڈاؤن کے دوران اب 17 مئی تک ملک بھر میں پروازوں، ٹرینوں اور میٹروں خدمات پر پابندی برقرار رہے گی۔ اسکول، کالج سمیت تمام تعلیمی ادارے بھی اس دوران بند رہیں گے۔

مرکزی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرین اور اورنج زون والے اضلاع کو کچھ راحت دی جائے گی لیکن ریڈ زون میں فی الحال کوئی رعایت نہیں رہے گی۔ آگے مراحل وار انداز میں عوام کو لاک ڈاؤن سے آہستہ آہستہ راحت فراہم کی جائے گی۔

قبل ازیں، وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے ہوئے لوگوں کی نقل و حرکت کے لئے ٹرینوں کے استعمال کی اجازت دی تھی۔ اس کے بعد ریلوے نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر یکم مئی (عالمی یوم مزدور) کے موقع پر لیبر اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک کو ریڈ، اورنج اور گرین زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گرین زون یعنی کہ جہاں کورونا کا ایک بھی معاملہ فعال نہیں ہے وہاں بڑی معاشی سرگرمیوں کو رعایت دی گئی ہے۔ تازہ ترین حکم نامہ کے مطابق، گرین زون والے 307 اضلاع میں بسیں چل سکیں گی لیکن بسوں میں 50 فیصد سواریاں ہی سفر کر سکیں گی۔ اسی طرح بس ڈپو میں بھی 50 فیصد سے زیادہ ملازمین کام نہیں کریں گے۔ ان اضلاع میں نائی کی دکانیں، سیلون سمیت ضروری خدمات اور سامان کی فراہمی کے ادارے بھی 4 مئی سے کھل جائیں گے۔

اورنج زون میں بس پر پابندی، ٹیکسی کو اجازت

اورنج زون (جہاں کورونا کے معاملات کی تعداد کم ہے) میں بسوں کو چلانے کے معاملہ میں کوئی رعایت نہیں دی گئی ہے، تاہم ٹیکسیوں کو اجازت دے دی گئی ہے۔ ٹیکسی میں ڈرائیور کے ساتھ ایک ہی مسافر ہو سکتا ہے۔ اورنج زون میں صنعتی سرگرمیاں شروع ہوں گی اور کمپلیکس بھی کھلیں گے۔ ادھر، ریڈ زون (جہاں کرونا کے معاملات کی تعداد زیادہ ہے) میں نائی کی دکانیں، سیلون وغیرہ بند رہیں گی۔ اس سلسلہ میں تفصیلی معلومات وزارت داخلہ کے ذریعہ بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

گرین زون میں اس وقت ملک میں 307 اضلاع ہیں

ملک میں کل 739 اضلاع ہیں جن میں سے 307 (40 فیصد سے زیادہ) فی الحال کورونا سے پاک ہیں۔ یہ 307 اضلاع گرین زون میں آتے ہیں۔ 3 مئی کے بعد ان اضلاع میں فیکٹریوں، دکانوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر خدمات سمیت چھوٹی صنعتوں کو کھلونے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔

غور طلب ہے کہ جن اضلاع میں جہاں گذشتہ 21 روز سے کورونا وائرس کے انفیکشن کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا انہیں گرین زون قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل، یہ مدت 28 دن کی تھی جسے وزارت صحت نے کم کرکے 21 دن کر دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!