مولانا سراج الحسن نے بصیرت ودوراندیشی سے ملتِ اسلامیہ کی شیرازہ بندی کی اورملک کو یکجہتی کاپیغام دیا: محمدیوسف رحیم بیدری
بیدر: 3/اپریل (وائی آر) جماعت اسلامی ہند کے سابق امیرجماعت مولانا محمد سراج الحسن صاحب کے سانحہ ئ ارتحال پر یاران ادب بیدر کے جنرل سکریڑی محمدیوسف رحیم بیدری نے ایک تعزیتی بیان جاری کرکے بتایاہے کہ مولانا محمد سراج الحسن صاحب کی بیدارمغز قیادت نے ملتِ اسلامیہ ہند کی ملک گیرسطح پر بلالحاظ مسلک وملت اور مذہب شیرازہ بندی کی۔ مولانا سراج الحسن نے اس وقت قیادت کی جبکہ ملک اور ملت کو کئی ایک چیلنجس درپیش تھے۔ آپ نے اپنی سادہ مزاجی، فطانت ومتانت، بردباری اور مسلسل وبے لوث کام کئے جانے کی بدولت ملت کو مختلف مشکلات سے بچایا۔ اور ملک کو یکجہتی کا پیغام دیا اوربین المذاہب کام کرنے والوں کونئی دِشا دکھائی۔
طلبہ کی ملک گیر اسلامی تنظیم ایس آئی او اور دیگر طلبہ تنظیموں کی سرپرستی فرمائی۔خواتین کو منظم کرنے میں مولانا مرحوم نے اپنی بصیرت اور دوراندیشی سے کام لیا۔ محمدیوسف رحیم بیدری نے اپنے بیان میں مزید بتایاکہ مولانا کے کام کرنے کاانداز بے حد صاف ستھر ااور دلوں کو موہ لینے والاتھا۔ طلبہ اور نوجوانوں کو وہ کام کرنے کاموقع عطاکیاکرتے تھے۔ اسی طرح مختلف مذاہب کے افراد کو جوڑتے ہوئے ملک گیر سطح پر وہ کام کیا جو آزادی کے بعد نہیں ہوسکاتھا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے وہ نائب صدر تھے۔ بورڈ کے پلیٹ فارم سے بھی ان کے کام ملت کے استحکام اور فائدے کے لئے رہے۔
اللہ تعالیٰ مولانا کے درجات بلند فرمائے۔انھیں اپنے قرب خاص سے نوازے۔ آمین۔ موصوف نے بتایا کہ مولانا سراج الحسن کے آباواجداد کاتعلق بیدر سے تھا۔ یارانِ ادب بیدرمولانا محمد سراج الحسن کے دنیا سے چلے جانے کو ملک وملت کے ایک عظیم نقصان سے تعبیر کرنے پر مجبور ہے۔اللہ تعالیٰ ان کانعم البدل عطاکرے۔ اور ملت اسلامیہ ہند ہردور میں سرخرورہے۔آمین