بیدرمیں لاک ڈاوٴن کا زبردست اثر: سڑکیں سنسان، عوام گھروں میں بند، پولیس کی سخت کاروائی اور لاٹھی کا کیا جارہا ہے استعمال
شہر بیدرمیں لاک ڈاوٴن کا زبردست اثر، سڑکیں سنسان گلیاں ویران، سڑکوں پر چلنے والے سواریوں کو پولیس روک کر رہی ہے پوچھ تاچھ، غیرضروری گھومنے والوں پر سخت کاروائی اور لاٹھی کا کیا جارہا ہے استعمال
بیدر: 24/مارچ (اے این یو) شہر بیدر میں کرونا وائرس کے بارے میں لگائے گئے لاک ڈاٴون کی وجہ سے بیدر مکمل طور پر بند ہے۔ شہرکی سڑکیں سنسان اور عوام گھروں میں بند ہیں۔ محکمہٴ پولیس کے عہدیداران اپنی گاڑیوں سے اعلانات کرتے ہوئے اپنی گشت میں شدت پیدا کردی ہے۔ شہر کے ہر راستے اور نکڑ پر پولیس کا زبردست اور سخت بندوبست کیا گیا۔ غیرضروری باہر گھومنے پھرنے والے افراد سے پولیس سختی کے ساتھ نمٹتے ہوئے لاٹھی کا استعمال اور زبردست کارروائی کر رہی ہے۔
یاد رہے اشیائے خوردنی کے لئے افرادِ گھر میں سے کسی ایک فرد کو ہی ضروری اشیاء خریدنے کی اجازت دی گئی ہے، اس کے باوجود بھی کوئی فرد باہر نظر نہیں آرہا ہے۔ سڑکیں، پٹرول پمپس، کرانہ دکان اور میڈیکلس بھی سنسان اور خالی ہیں اور عوام کا بھرپور تعاون انتظامیہ کو دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سرکاری بسیں، اور نجی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مختلف سواریوں پر جانے والے افراد کی پولیس مستعدی کے ساتھ جانچ کر رہی ہے۔ اور غیر ضروری گھومنے والوں پر لاٹھی کا استعمال کرتے ہوئے ہیں سختی سے نمٹا جارہا ہے۔
شہر کے مصروف ترین چوراہے، مارکیٹس، گاوان چوک، چوبارہ، ترکاری مارکیٹ، سڑکیں امبیڈ کر سرکل، نئی کمان، سرکاری ہاسپٹل، ڈپٹی کمشنر آفیس، اولڈ بس اسٹانڈ، موہن مارکیٹ، اسٹیڈیم روڈ، تمام جگہوں کی سڑکیں بالکل سنسان نظر آرہی ہیں۔ دوپہر میں شہر کے امبیڈکر سرکل پر پولیس کی جانچ اور سخت کاروائی کو میڈیا کے چند نمائندے اپنے کیمروں میں قید کرتے ہوئے نظر آرہے تھے۔
محکمہ صحت اور محکمہٴ پولیس شہر بھر میں گشت جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہر کی گلیوں میں گھروں کے باہر کھڑے افراد سے گھروں میں جانے کی اپیل کرتے ہوئے ہوئے بھی پولیس عہدیداران دیکھے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ اس مرض سے بچنے کے لیے عوام بھرپور تعاون کریں اور عوام کے بھرپور تعاون سے ہی اس مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ ورنہ اس کے سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ اس دوران ریاست بھر میں لاک ڈاوٴن کے زیر اثر سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر داخلہ نے لاک ڈاوٴن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سختی کے ساتھ کاروائی کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔