ریاستوں سےمہاراشٹرا

ممبئی: پرنسپل محترمہ رابعہ قریشی کی بے لوث وبے مثال تعلیمی خدمات پراعزازو تہنیت

ممبئی: 19/مارچ (ایس ایم ایس) ساجد محمود شیخ میراروڈ کی اطلاع کے مطابق بائیکلہ ممبئی کی مشہور غیر سرکاری تنظیم ینگ سوشل سرکل چیریٹی ڈسپنسری و ٹرسٹ کی جانب سے اسلام جمخانہ میں منعقدہ پروگرام میں انجُمن خیرُالاسلام گرلز ہائی اسکول برائے طالبات مدنپورہ ممبئی کی پرنسپل محترمہ رابعہ قریشی صاحبہ کو اُن کی بے لوث وبے مثال تعلیمی خدمات انجام دینے پر اُنھیں اعزاز سے نوازا گیا۔ مشہور صحافی کالم نگار اور ادیب جناب شمیم طارق صاحب کے ہاتھوں انھیں ٹرافی وسند سے نوازا گیا اور گلہائے عقیدت پیش کیا گیا ۔

اس موقع پر مجلسِ قانون ساز اسمبلی کے رکن جناب رئیس شیخ ،مشہور سماجی کارکن عمر لکڑاوا اور دیگر عمائدینِ شہر و معززین علاقہ موجود تھے ۔ محترمہ رابعہ قریشی صاحبہ کی تعلیمی خدمات کا دائرہ کئی برسوں پر محیط ہے ۔ گزشتہ سترہ سالوں سے وہ انجُمن خیرُالاسلام گرلز ہائی اسکول مدنپورہ میں بطورِ پرنسپل اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں اس سے قبل مذکورہ اسکول میں برسوں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتی رہیں ہیں ۔ رابعہ قریشی اسکول کی معلّمات وطالبات کے ساتھ طالبات کے والدین و سرپرستوں اور علاقہ کی عوام میں کافی مقبول ہیں ۔

انھوں نے قرب و جوار کے بچوں کو اسکول میں داخلہ دلایا اور ایسی بچیاں جو تعلیم سے دور تھیں اُن کے والدین کو اسکول میں اپنی بچیوں کو داخل کروانے پر آمادہ کیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقے جیسے ورلی،سیوڑی وڈالا اور رے روڈ جہاں اردو اسکول نہیں ہیں وہاں کی طالبات کے لئے بس سروس شروع کروائی۔معاشی طور پر کمزور خاندان کی طالبات کو اسکول کی جانب سے مفت بیاضیں،یونیفارم،اسکول کے جوتے ،اسکول بستہ ،اور دیگر سامان مہیا کروانے کا انتظام کیا ۔ طالبات میں اسپورٹس کی لگن پیدا کرنے کے لئے سلام بامبے کے تعاون سے ہاکی کوچنگ شروع کروائی۔ اسکول میں کمزور طالبات کے لئے اسکول اوقات کے علاوہ خصوصی ریمیڈیل کلاس شروع کی اور ان کی بنیاد مضبوط کرنے کی کوشش کی ۔

اسکول میں تعلیمی ماحول پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ غیر تدریسی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیا اور تعلیمی ثقافتی،دینی پروگرام منعقد کروائے گئے۔ اُن کی غیر تدریسی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں اسکول ہٰذا کی طالبات نے کئی بین المدارس مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انعامات حاصل کئے ۔ رابعہ قریشی صاحبہ کی زیرِ قیادت انجُمن خیرُالاسلام گرلز ہائی اسکول مدنپورہ زبردست ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور اردو زبان و مسلمانوں کا قابلِ اعتبار سیمی انگلش میڈیم اسکول بن گیا ہے اور معاشی طور پسماندہ گھرانوں کی طالبات کو تعلیم حاصل کرنے کا مسکن بن گیا ہے۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!