مسجد تعارف پروگرام سے یکجہتی کا فروغ اور باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے: پروفیسر پراجولاتتے
ناگپور: 16/مارچ (پریس ریلیز) ڈاکٹر محمد عبدالرشید میڈیا سیکرٹری جماعت اسلامی ہند ناگپور کی اطلاع کے بموجب جماعت اسلامی ہند ناگپور مغرب اور شمال مغرب کی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے موقعہ پر خواتین بہنوں کے لیے مسجد پریچہ کرانے کا انعقاد کیا گیا-
یہ پروگرام مرکز مسجد، ٹیچرس کالونی, جعفر نگر , ناگپور میں رکھا گیا تھا- اس موقع پر ناگپور مغرب کی مقامی ناظمہ زیبا خان نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے پس منظر میں مسجد پریچہ کروانے کا ہمارا مقصد یہ ہے کہ انہیں بتایا اور دکھایا جائے کہ اسلام میں مرد و زن کی عبادات میں مساوات پائی جاتی ہے اور اسلام میں خواتین کو مسجد میں آنے سے منع نہیں کیا گیا ہے- اس نقطہ نظر سے وطنی بہنوں کو روشناس کروانے کے لیے مسجد میں مدعو کیا۔
پروفیسر پراجولا تتے نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں سے ہم ایک دوسرے کے بیچ ایک خلا محسوس کر رہے تھے، لیکن میں سمجھتی ہوں کہ یہ مسجد پریچہ پروگرام ہمیں ایک دوسرے سے قریب کرے گا، ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع دے گا اس سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے اور ہم میں آپسی یکجہتی قائم ہوگی۔
سمن سداھاکر نے کہا کہ مجھے آج پہلی بار مسجد میں آنے کا موقع ملا ہے, میں سمجھتی تھی کہ مسجد میں خواتین کا داخلہ ممنوع ہے لیکن مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ یہاں مردوزن میں کوئی تفریق نہیں, یہاں دونوں مساوی طور پر عبادت کر سکتے ہیں-
ممتاتائی نے اس پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آپ لوگوں کی جانب سے بہترین پہل ہے, ملک کی موجودہ صورتحال بہت زیادہ تشویش ناک ہے۔ ہمارے ملک میں ایک گروہ دوسرے گروہ پر ظلم بعد تشدد کر رہا ہے، ان کی جان لے لی جارہی ہیں جبکہ تمام انسان آپس میں بھائی بھائی ہیں-
ناگپور شمال مغرب کی مقامی ناظمہ بےنظیر خان نے مسجد پریچہ کرایا، فہد خان نے اذان دی، سندس فاطمہ نے وضو کرکے دکھایا- سمیہ شیخ کے ذریعے وضو کے سائنسی فوائد بتائے گئے۔ عذرا پروین کی امامت میں نمازِ کی ادائیگی دکھائی گئی- فرزانہ خان نے پروگرام کی نظامت کی۔ وطنی بہنوں میں ممتا تائی، ڈی کروز میڈم، لکشمی بائی، کملا تائی، بھگت میم اور دیگر وطنی بہنیں شریک تھیں-