تازہ خبریںخبریںقومی

دہلی موج پور تشدد: شمال مشرقی دہلی میں CRPF کی 8کمپنیاں تعینات، دفعہ 144 نافذ، 1پولس اہلکارسمیت 2کی موت، کئی زخمی

موج پور تشدد: شمال مشرقی دہلی میں سی آر پی ایف کی 8 کمپنیاں تعینات

موج پور علاقے میں کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے سی آر پی ایف کی کل 8 کمپنیاں تعینات کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ان میں دو ریپڈ ایکشن فورس کی کمپنیاں اور خاتون سیکورٹی اہلکاروں کی ایک کمپنی بھی شامل ہے۔

سی اے اے پر ہنگامہ بڑھا، میونسپل کونسلر محمد طاہر کے گھر میں گھسی پرتشدد بھیڑ

دہلی میں سی اے اے کو لے کر ہنگامہ کافی بڑھ گیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبروں کے مطابق مصطفیٰ آباد واقع نہرو وِہار سے عام آدمی پارٹی کے میونسپل کونسلر محمد طاہر حسین کے گھر میں پرتشدد بھیڑ گھس گئی ہے۔ کونسلر کا کہنا ہے کہ بھیڑ نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی۔

جعفر آباد، موج پور-بابر پور، گوکل پور، جوہری انکلیو اور شیو وہار میٹرو اسٹیشن بند

دہلی میں کئی علاقوں میں بگڑتے نظامِ قانون اور ہنگامہ کے بعد دہلی میٹرو نے کئی میٹرو اسٹیشنوں کو بند کر دیا ہے۔ حالات بگڑتا دیکھ دہلی میٹرو نے جعفر آباد، موج پور-بابر پور، گوکل پوری، جوہری انکلیو اور شیو وہار اسٹیشنوں کی انٹری اور ایگزٹ گیٹوں کو بند کر دیا ہے۔ اب اس راستے پر میٹرو ٹرینیں ویلکم میٹرو اسٹیشن تک ہی جائیں گی۔

موج پور میں ہنگامہ کے بعد شمال مشرقی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ

دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں اور قانون کی حمایت میں سڑکوں پر نکلے لوگوں کے درمیان تصادم کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ کشیدہ حالات کے پیش نظر شمال مشرقی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

موج پور میں شرپسندوں کے پتھراؤ سے زخمی ایک پولس اہلکار کی موت!

کچھ میڈیا ذرائع سے ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ موج پور میں دو گروپوں کے درمیان ہوئے تصادم اور شر پسندوں کے ذریعہ کی گئی پتھر بازی میں ایک پولس اہلکار زخمی ہو گیا جس کی بعد میں موت واقع ہو گئی۔ اس بات کی فی الحال کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، لیکن موج پور علاقہ میں حالات کشیدہ ہیں۔ اس درمیان ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں پولس اہلکار کے سامنے ایک شخص فائرنگ کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ پولس اہلکار اس شخص کو پکڑنا تو دور، اس سے کچھ کہتا بھی نہیں ہے۔

شمال مشرقی دہلی میں ترمیم شدہ شہریت ایکٹ کی مخالفت اور موافقت کرنے والوں میں آج پھرتصادم ہوا جس میں دہلی پولیس کے مطابق سہ پہر کے وقت جھڑپوں میں ایک ہیڈ کانسٹیبل ہلاک ہوگیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ دہلی پولس نے لوگوں سے امن کی اپیل کے ساتھ کہا کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور تشویشناک تصاویر عام نہ کریں۔شمال مشرقی ضلع میں 10 مقامات پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

سی اے اے مخالف اور حامی گروپ کے درمیان ہوئے تصادم میں ایک محمد فرقان نامی شخص کی ہلاکت کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ شرپسندوں کے پتھراؤ کا شکار ہوا اور زخموں کی تاب نہ لا کر دنیائے فانی سے کوچ کر گیا۔

جعفرآباد اور موج پور علاقوں میں کم سے کم دو مکانات اور ایک دمکل گاڑی کو آگ لگا نے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ ایک سے زیادہ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کیلئے نیم فوجی دستوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔ حالات کی شدت کے پیش نظر دہلی میٹرو نے جعفرآباد اور موج پور-بابر پور اسٹیشنوں کو بند کر دیا ہے۔ ان اسٹیشنوں پر ٹرینیں نہیں روکی جائیں گی۔

چاند باغ میں بھی تشدد برپا ہونےکی اطلاع ملی ہے جو جعفرآباد کا علاقہ ہے ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے مبینہ طور پر آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔ جعفرآباد کے قریب کل شام سے ہی فضا کشیدہ تھی جہاں ترمیم شدہ شہریت ایکٹ کی مخالفت اور موافقت کرنے والوں کے مابین جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!