جھوٹے وعدہ کرکے مودی حکومت کسانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ کمار سوامی
بنگلورو ،9مارچ ۔ وزیراعظم نریندر مودی پر شدید حملہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج کہا کہ نریندر مودی جیسا جھوٹ بولنے والا پوری دنیا میں کہیں نہیں ملے گا۔ جمعہ کے دن شہر کی مضافات بٹا السور میں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت بے گھر افراد کیلئے مکانات کا سنگ بنیادرکھنے کے بعد نامہ نگاروں سے انہوں نے کہا کہ پر سوں کلبرگی میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تھا کہ زرعی قرضوں کے نام پر کرناٹک کے کسانوں کو دھوکہ دیا گیا ہے ۔ مودی کو معلوم ہوناچاہئے کہ ہماری حکومت نے پچھلے6مہینوں کے دوران اس اسکیم کے تحت گیارہ ہزار کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مودی کی طرح عوام سے جھوٹے وعدے کرنا نہیںآتا۔ مودی نے مرکزی کسان اسکیم کے تحت کسانوں کو6ہزار روپئے دینے کا اعلان کرکے کسان برادری کی بے عزتی کی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست کرناٹک میں خشک سالی سے متاثرکسانوں کی راحت کیلئے ریاستی حکومت نے 2ہزار کروڑ روپئے کامطالبہ کیاتھا ۔ لیکن مرکز نے صرف900کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ریاست کرناٹک کے ساتھ اس سوتیلے پن کا سلوک کرنے والے مودی کو کرناٹک سے متعلق کچھ کہنے کا حق نہیں۔
صرف 6کسانوں کورقم: کمار سوامی نے بتایا کہ مرکزی اسکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے ریاست کے 8لاکھ 54ہزار عرضی گزاروں نے عرضیاں داخل کی تھیں۔ جن میں سے 2لاکھ8ہزار عرضیوں کو درست پاکر اپ لوڈ بھی کیا گیا ۔ لیکن مرکز نے ان میں سے صرف17مستفیدین کا انتخاب کیا ۔ اس میں سے صرف6کسانوں کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کی گئی ہے۔ ان میں سے ایک کسان کے کھاتہ میں صرف950روپئے جمع ہوئے ہیں ۔ اس طرح کے جھوٹے وعدہ کرکے مودی حکومت کسانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ اس طرح کے جھوٹے وعدے کرنا اوربلند دعوے کرنا مودی حکومت کامعمول ہے۔
ایک لاکھ مکانات کی تعمیر: کمار سوامی نے کہا کہ بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنے کی ان کی حکومت پابند ہے ۔ شہر کی مضافات میں ایک لاکھ مکانات تعمیر کرنیکے لئے وزیر اعلیٰ نے آج سنگ بنیاد رکھا ۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام بے گھر کنبوں کو اس اسکیم کے تحت مکانات فراہم کئے جائیں گے ۔تمام بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنے کا حکومت نے نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی مکان 6تا8لاکھ روپئے کی لاگت سے ہمہ منزلہ مکانات تعمیرکرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ کم سے کم لاگت پر مکانات تعمیر کرکے بے گھر کنبوں میں تقسیم کرنے حکومت کا ہدف ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت کم از کم 2لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے جس میں سے پہلے مرحلہ میں 50ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مخلوط حکومت شہر بنگلور کی مجموعی ترقی کی پابند ہے اور شہر کو ایک ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔ اس تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ، ریاستی وزیر کرشنابائرے گوڈا ، وزیر ہاؤزنگ ایم ٹی بی ناگراج اور دیگر نے شرکت کی۔