امریکی صدرٹرمپ نے مودی حکومت کو دیا بڑاجھٹکا
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہم اس بار ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر سکتے ہیں لیکن کوئی بڑا معاہدہ فی الحال نہیں ہوگا۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ 24 فروری سے ہندوستان کے دو روزہ دورہ پر رہیں گے۔ ایسی امیدیں لگائی جا رہی تھیں کہ ٹرمپ اس دورہ کے دوران ہندوستان کے ساتھ کچھ بڑے تجارتی معاہدے کریں گے، لیکن امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے ایسی سبھی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ مودی حکومت کو جھٹکا دیتے ہوئے امریکی صدر نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ ہندوستان سے امریکہ فی الحال کوئی بڑا تجارتی معاہدہ نہیں کرنے والا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ابھی اس بارے میں کچھ بھی پختہ طور پر نہیں کہا جا سکتا کیونکہ امریکی انتخاب سے قبل کوئی بڑا تجارتی معاہدہ ہندوستان سے کرنا ممکن نہیں۔ لیکن آگے چل کر کوئی چھوٹا تجارتی معاہدہ ہو سکتا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ’’ہم اس بار ہندوستان کے ساتھ ٹریڈ ڈیل کر سکتے ہیں، لیکن کوئی معاہدہ بعد میں ہی ہو پائے گا۔‘‘
کیلیفورنیا روانگی سے پہلے ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہندوستانی دورہ کے تعلق سے کئی باتیں کہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستان نے ہمارے ساتھ بہت اچھا سلوک نہیں کیا ہے، لیکن میں وزیر اعظم نریندر مودی کو بہت پسند کرتا ہوں۔‘‘
اس سے قبل ٹرمپ نے واشنگٹن واقع اپنے اوول آفس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے ہندوستان دورہ کی تیاری کر رہے ہیں جہاں لاکھوں لوگ ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہائٹ ہاؤس اس سے پہلے 10 فروری کو جانکاری دی تھی کہ صدر ٹرمپ 24 فروری اور 25 فروری کو ہندوستان دورہ پر آئیں گے۔ اپنے دو روزہ دورے کے دوران ٹرمپ احمد آباد اور دہلی میں رہیں گے۔