مدنپورہ ممبئی میں آنکھوں کی مفت جانچ اور عینک کی تقسیم کیمپ کا اہتمام
ممبئی: 18/ فروری (ایس ایم ایس) انجُمن خیرُالاسلام گرلز ہائی اسکول مدنپورہ میں آنکھوں کی مفت جانچ کا کیمپ رکھا گیا۔ جس میں طالبات کی آنکھوں کی مفت میں جانچ کی گئی اور ضرورت مند طالبات کو مفت میں عینک تقسیم کی گئی ۔ اِس کیمپ کا انعقاد حکومت مہاراشٹر کے محکمۂ تعلیم کے اشتراک سے اور مشن فار ،سابک پلاسٹک کمپنی اور خان بہادر حاجی بچّو علی اسپتال کے تعاون سے کیاگیا تھا۔ کیمپ میں موجود مذکورہ اسپتال کے عملے نے سبھی طالبات کی آنکھوں کی جانچ کی اور جن طالبات کو عینک تجویز کی گئی انھیں مفت عینک تقسیم کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے خان بہادر حاجی بچّو علی اسپتال کے سپروائز سچن پوار نے کہا کہ اُن کا اسپتال فلاحی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ اسکول میں کیمپ کے رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج کے زمانے میں ٹکنالوجی کے بے تحاشہ استعمال بالخصوص موبائل فون اور کمپیوٹر کی وجہ سے کم عمری میں بچوں کی آنکھیں خراب ہونے لگی ہیں ۔مگر ڈر اور جھجھک کی وجہ سے بچےّ بتاتے نہیں ہیں۔ آنکھوں کی کمزوری طلبہ کے۔ حصولِ علم میں دشواری پیدا کرتی ہے ۔ اور نظر کی کمی مستقبل کے ارادوں اور خوابوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔ حکومت کے شکشا ابھیان کے تحت اسکولوں میں ایسے کیمپ رکھے جارہے ہیں تاکہ کمزور بینائی والے بچوں کی شناخت ہوسکے اور ابتدا میں ہی عینک استعمال کرنے سے اس کمزوری پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
اِس موقع پر محکمہ تعلیم سے جناب ولاس اور خان بہادر حاجی بچّو علی اسپتال کی ہیلتھ ورکر محترمہ شلپا بھی موجود تھیں۔ اسکول کی پرنسپل محترمہ رابعہ قریشی نے سب کا شکریہ ادا کیا اور طالبات کو پابندی سے عینک استعمال کرنے کی تلقین کی۔ کل پچاس طالبات کو عینک تقسیم کی گئی ۔ اس پروجیکٹ کی ذمہ دار اسکول ہٰذا کی معلّمہ محترمہ ریشماں لطیف نے بحسن وخوبی اپنے فرائض انجام دیے اور پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا ۔ ساجد محمود شیخ میراروڈ