شاہین باغ فائرنگ: مظاہرین کو مکمل تحفظ دیا جائے، لیفٹیننٹ گورنر بیجل کا دہلی پولیس کو حکم
شاہین باغ میں احتجاج کے مقام کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) انیل بیجل نے دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک کو حکم دیا ہے کہ شاہین باغ میں حفاظت کے انتظامات کو پختہ بنایا جائے۔ انہوں نے دہلی پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ احتجاج کے مقام تک جانے والے بیرونی اور مشتبہ افراد کی مکمل تلاشی لیں۔
واضح رہے کہ شاہین باغ علاقے میں احتجاج کے مقام سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر ایک شخص نے ہوائی فائرنگ کر کے مظاہرین کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی تھی جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
شاہین باغ فائرنگ: ملزم کپل سے پوچھ گچھ جاری، پولیس
شاہین باغ میں فائرنگ کے واقعہ پر جنوب مشرقی دہلی کے ڈی سی پی منموئے بسوال نے بتایا کہ ’’پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے کو موقع واردات سے حراست میں لیا ہے۔ اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، اس نے اپنا نام کپل بتایا ہے۔ ایف آئی آر درج کی جارہی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔‘‘