شاہین اسکول معاملہ: بیرسٹر اویسی نے بیدر جیل میں بند 2 خواتین سے کی ملاقات ممکنہ مدد کاتیقن، ایس پی سے کی گرفتاری کی مذمت
بیدر: یکم فروری۔ صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے آج بیدر میں ملک سے غداری کے مقدمات میں گرفتار اور جیل میں محروس دو خواتین فریدہ بیگم ہیڈ مسٹرس شاہین اسکول، بیدر اور نجمہ سلطانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مناسب تعاون کا تیقن دیا۔ جنھیں بیدر پولیس نے مخالف سی اے اے احتجاج میں شرکت پر غداری کا مقدمہ درج کرتے ہوئے جیل روانہ کردیا ہے۔
آج بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے رکن اسمبلی کوثر محی الدین ، سید منصور قادری، مقامی کارپوریٹر عبدالعزیز عرف منا، یامین خان بیدر میں گرفتار ہیڈ مسٹرس فریدہ بیگم اور طالب علم کی والدہ نجمہ سلطانہ سے ملاقات کی، بعد میں انھوں نے بیدر ایس پی سے بھی ملاقات کی اس گرفتاری کی مذمت کی۔
بیرسٹر اویسی نے کہا کہ بیدر پولیس نے اسکول کے ایک ڈرامے کے سلسلے میں حصہ لینے والوں کو بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ فریدہ میڈم علیل ہیں اور نجمہ سلطانہ بیوہ ہیں بچہ کے ساتھ تنہا رہتی تھیں اس بچے کی دیکھ بھال اب اس کے مالک مکان کررہے ہیں ہم نے اس مشکل وقت میں مدد اور حوصلہ افزائی کی۔
واضح رہے کہ جیسے ہی بیدر میں اسد اویسی کی آمد کی اطلاع کی خبر سوشل میڈیا کے ذرائع سے پہنچی نوجوان کثیر تعداد جمع ہونا شروع ہوئے، بعد ازاں ایم پی اویسی صاحب کی واپسی پر نوجوان بھی واپس ہوئے۔