مہاراشٹر: جماعت اسلامی 2 کروڑ 48 لاکھ روپے کی لاگت سےکولہاپور سیلاب زدگان کےلیے مکانات کی تعمیر کا کیا اعلان
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر میں 26/ جنوری سے باضابطہ اس پروجیکٹ کا آغاز کرے گی۔
جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر اور ضلع پریشد کولہاپور کے مابین 20 جنوری 2020 کو ایک معاہدہ (Memorandum of Understanding) ہوا۔
معاہدے کے مطابق کولہاپور ضلع کے کنواڑ گاؤں کو مکانات کی تعمیر کے لیے منتخب (Adopt) کیا گیا ہے۔ اور پہلے مرحلے میں 38/ سیلاب متاثرہ خاندانوں کےلیے مکانات تعمیر کیے جائیں گے اور پینے کے پانی کے لیے 2 پیوریفائڈ واٹر سسٹم بھی لگائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کولہاپور ضلع کا شیرول تعلقہ، چند ماہ قبل آئے بھیانک سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
اسی تعلقہ کے کنواڑ اور دیگر دیہات کئی روز تک صد فی صد سیلاب کی چپیٹ میں رہے۔ اور ان دیہاتوں میں آغاز ہی سے جماعت کی ڈزاسٹر مینجمنٹ یونٹ IRW کے رضاکاروں نے ریلیف ورک و بچاؤ کام انجام دیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو فلڈ ریلیف فنڈ یا آواس و گھرکل یوجنا کے تحت -/95,000 یا -/1,20,000 روپیے اس یوجنا کے اہل ہونے کے بعد ملتے ہیں۔ اور ایک چھوٹے مگر مضبوط مکان کی تعمیر کے لیے یہ رقم نا کافی ہے۔ اسی لیے جماعت و آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ نے اس گاؤں کا مکمل سروے کیا، تباہ شدہ مکانات کا انجینیئرس کے ذریعہ کنسٹرکشن پلان تیار کیا جس کے مطابق ایک مکان کے RCC کنسٹرکشن کا کم از کم تخمینہ -/3,00,000 (تین لاکھ) روپیے ہے۔
فلڈ ریلیف فنڈ و آواس یوجنا سے موصول شدہ رقم میں مزید جماعت فی مکان تقریبآ -/2,00,000 (دو لاکھ) روپیے کے مالی تعاون کے ذریعہ مکانات کی تعمیر کرے گی۔
اگر یہ کام بارش سے قبل مکمل ہوجاتا ہے تو دوسرے مرحلہ میں کولہاپور ضلع کے کُروندواڑ، راجاپور، ہیرواڑ اور سانگلی ضلع کے بِھیلواڑی میں مکانات کی تعمیر ہوگی۔
علاوہ ازیں طلباء تنظیم ایس آئی او اسکولوں کی بنیادی ضروریات اور لائبریریوں کے لیے کتابوں کے سیٹ فراہم کرے گی۔ اس بازآبادکاری کے پروجیکٹ کا تخمینہ تقریباً -/2,48,00,000 (2کروڑ48 لاکھ) روپیے ہوگا۔
معاہدہ کے موقع پر جناب اَمَن مِتَّل صاحب IAS ( سی ای او ضلع پریشد، کولہا پور)، محمد مظہر فاروق (سکریٹری شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر)،
اجئےکمار مانے (پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی آر ڈی اے) ، وَیشالی مَھسکے (ڈسٹرکٹ پروجیکٹ آفیسر)، اسمٰعیل شیخ (جماعت اسلامی ہند کولہاپور) و اشفاق پٹھان (SIO کولہاپور) موجود تھے۔