تلنگانہخبریںریاستوں سےقومی

حیدرآباد: سی اے اے کے خلاف بڑے پیمانہ پر ترنگا ریالی، لاکھوں افراد کی شرکت

سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جمعہ کے روز شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر ترنگا ریلی نکالی گئی، اس ریلی میں کئی لاکھ افراد نے شرکت کرتے ہوئے ان سیاہ قوانین کی مخالفت کی

حیدرآباد: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے خلاف جمعہ کے روز شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر ترنگا ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں کئی لاکھ افراد نے شرکت کرتے ہوئے ان سیاہ قوانین کی مخالفت کی۔

حیدرآباد کی بڑی عیدگاہ 1:15 بجے دوپہر نماز جمعہ ادا کی گئی اور اس کے بعد عیدگاہ میر عالم سے شاستری پورم میدان تک بڑے پیمانہ پر ریلی نکالی گئی۔ اس دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی خاص بات یہ رہی کہ غیرمسلم افراد نے اس سے نہ صرف اظہار یگانگت کیا بلکہ اس میں شریک بھی ہوئے۔ ریلی میں موٹرسائیکلوں، بائکوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار افراد شہریت ترمیمی قانون اور مودی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔ شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں ترنگے تھامے ہوئے تھے۔

ریلی کی قیادت حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے کی۔ اس ریلی کا اہتمام ’یونائیٹڈ مسلم ایکشن کمیٹی‘ کی جانب سے کیا گیا۔ لوگوں نے اپنی سہولت کے مطابق مقامی مساجد میں نماز جمعہ ادا کی جس کے بعد اس ریلی میں شریک ہوئے۔ ریلی میں مختلف جماعتوں، تنظیموں انجمنوں کے نمائندوں و اہم شخصیات، جہد کاروں، علماء کرام و مشائخین شریک تھے۔

عیدگاہ میر عالم پر نماز جمعہ کی امامت مولانا حافظ رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نے کی اور خطبہ دیا جبکہ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ محمد لطیف احمد امام مکہ مسجد و نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ نے خطابت اور امامت کے فرائض انجام دیئے۔ ترنگا ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے حیدرآباد کے پرانا شہر کے تمام تاجروں نے اپنے کاروبار بند رکھے۔ اولڈ سٹی ٹریڈرس ایسوسی ایشن نے اس بند کا اعلان کیا تھا۔ ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ اپنے ملک کے سیکولر کردار کی حفاظت، دستور کے تحفظ کے لئے تاجر برادری ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔

ایسوسی ایشن نے صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترنگا ریلی کی کامیابی نے پورے ملک کے سیکولر عوام کو ایک نئی طاقت اور ہمت عطا کی۔

اس ریلی کی حمایت میں حیدرآباد کے تجارتی ادارے بند رہے۔ اس موقع پر نامپلی، گولکنڈہ، ٹولی چوکی، مانصاحب ٹینک، مہدی پٹنم، ملے پلی، آصف نگر کے علاقوں میں دکانات بند رہیں۔ علاوہ ازیں وکلاء، اساتذہ اور دیگر پیشہ ور شخصیتوں کی تنظیموں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی کے ذمہ داروں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف آواز بلند کی اور مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!