دہلیریاستوں سے

جے این یو: سابرمتی ہاسٹل کے سینئروارڈن نے دیا استعفیٰ، چہارجانب پولیس کے کردار کی مذمت

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے تشدد کا ذمہ دار طلبا کو ہی ٹھہرا دیا

ایک طرف سیاسی و سماجی شخصیتیں جے این یو طلبا کی حمایت میں بیان دے رہے ہیں اور دوسری طرف مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ایک انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے جو طلبا کے ہی خلاف ہے۔ انھوں نے واقعہ کی تو مذمت کی ہی ہے لیکن ساتھ ہی کہا ہے کہ ’’لیفٹ وِنگ طلبا جے این یو کو بدنام کر رہے ہیں، انھوں نے یونیورسٹی کو غنڈہ گردی کے سنٹر میں بدل دیا ہے۔‘‘ گری راج سنگھ نے اس طرح کے واقعات کے لیے سیاسی لیڈروں کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

سابرمتی ہاسٹل کے سینئر وارڈن آر. مینا نے دیا استعفیٰ

جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابرمتی ہاسٹل کے سینئر وارڈن آر مینا نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے پیش کردہ استعفیٰ نامہ میں کہا ہے کہ ’’ہم نے کوشش کی، لیکن ہاسٹل کو سیکورٹی نہیں دے سکے۔‘‘ دراصل نقاب پوش غنڈوں نے سابرمتی ہاسٹل میں ہی گھس کر طلبا و طالبات پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کیا تھا۔ اس حملہ میں کم و بیش 3 درجن اسٹوڈنٹس زخمی ہوئے تھے جنھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

کچھ حملہ آوروں کی ہوئی شناخت، جانچ کرائم برانچ کے حوالے

جے این یو میں ہوئے طالب علموں پر حملہ سے متعلق ایف آئی آر درج کرنے کے بعد کرائم برانچ نے اپنی جانچ شروع کر دی ہے۔ اس درمیان پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ نقاب پوش حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے۔ پولس نے یونیورسٹی انتظامیہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ جانچ کی کارروائی میں آسانی پیدا ہو۔

ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولس کی ایک ٹیم جے این یو پہنچی، سی سی ٹی وی فوٹیج مانگے

جے این یو تشدد معاملہ میں پولس نے آف آئی آر درج کر لیا ہے اور یونیورسٹی پہنچ کر پولس نے ذمہ داران سے سی سی ٹی وی فوٹیج حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ساؤتھ-ویسٹ کے ڈی سی پی دیویندر آریہ نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ جانچ جاری ہے اور قصورواروں کو جلد سزا ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ جانچ آگے بڑھے گی اور ضرورت پڑنے پر طلبا سے بھی واقعہ کی جانکاری لی جائے گی۔

طلبا پر حملہ نے کئی ایسے سوال کھڑے کیے جن کے جواب کے لیے جانچ ضروری: کپل سبل

جے این یو میں طلبا پر ہوئے حملے پر کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے کہا کہ ’’نقاب پوش لوگوں کو کیمپس میں کیسے گھسنے دیا گیا؟ وائس چانسلر نے کیا کیا؟ پولس باہر کیوں کھڑی تھی؟ وزیر داخلہ کیا کر رہے تھے؟ یہ سبھی سوال ایسے ہیں جن کے جواب نہیں ملے ہیں۔ یہ ایک واضح سازش ہے، جانچ کی ضرورت ہے۔‘‘

ممبئی: گیٹ وے آف انڈیا پر طلبا نے جے این یو واقعہ کے خلاف کیا مظاہرہ

جے این یو میں طلبا و طالبات پر ہاسٹل میں گھس کر کیے گئے حملہ کے بعد ملک کی کئی یونیورسٹیوں کے طلبا سڑکوں پر اتر پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا پر بھی اتوار کی دیر رات سے ہی سینکڑوں کی تعداد میں اسٹوڈنٹس مظاہرہ کر رہے ہیں اور دہلی پولس کے خلاف بینر لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

وزارت برائے فروغ انسانی وسائل نے رجسٹرار، پراکٹر اور ریکٹر کو کیا طلب

جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں اتوار کی شام کچھ نقاب پوش غنڈوں کے ذریعہ ہاسٹل میں گھس کر طالبات پر کیے گئے حملہ کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ رات بھر دہلی پولس اور پی ایم نریندر مودی و وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف نہ صرف جے این یو کے طلبا و اساتذہ سڑکوں پر نکل آئے بلکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے دہلی میں موجود سبھی یونیورسٹیوں و کالج کے طلبا و اساتذہ دیر رات تک دھرنا و مظاہرہ کرتے رہے۔ پولس کی موجودگی میں جے این یو میں نامعلوم غنڈوں کی غنڈہ گردی اور ہنگاموں کے پیش نظر وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کے سکریٹری نے جے این یو کے رجسٹرار، پراکٹر اور ریکٹر کو اپنے دفتر مین طلب کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رات بھر جے این یو میں طلبا نے یونیورسٹی انتظامیہ، دہلی پولس اور پی ایم مودی کے خلاف نعرے بازی کی اور ایک بار پھر بڑی تعداد میں طلبا آئی ٹی او واقع پولس ہیڈکوارٹر پر جمع ہو کر اپنا احتجاج کرنے لگے۔ مختلف سیاسی ہستیوں نے جے این یو واقعہ پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اگر طلبا یونیورسٹی کیمپس میں محفوظ نہیں ہیں تو پھر آخر کہاں محفوظ رہیں گے۔

اس درمیان دہلی پولس نے میڈیا کو جانکاری دی ہے کہ بہت جلد جے این یو واقعہ سے متعلق کیس درج کیا جائے گا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز جے این یو سے متعلق کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں اور جلد ہی اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!