تازہ خبریںخبریںقومی

نوٹ بندی پارٹ-2 ہے سی اے اے اور این آر سی: راہل گاندھی

نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کے لئے آسام کے اپنے دورے سے قبل ہفتہ کے روز کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی اور کہا کہ یہ نوٹ بندی پارٹ ٹو ہے یعنی دونوں نوٹ بندی کی ہی شکل ہیں۔

قبل ازیں، کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں سونیا گاندھی نے پرچم کشائی ہے، اس موقع پر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، اے کے انٹونی اور راہل گاندھی سمیت کئی بڑے لیڈر موجود تھے، کانگریس پارٹی کا آج 135 واں یوم تاسیس ہے۔

یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’کیا آپ نے میرے ٹوئٹ اور حراستی سینٹر کی تصاویر دیکھی ہیں؟ اور کیا آپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سنی ہے؟ کیا آپ کو حراستی سینٹر کی ویڈیو ملی ہے؟‘‘

حکومت پر حملے کا سلسلہ راہل گاندھی نے جاری رکھا، ’’سی اے اے اور این آر سی کے ذریعے حکومت غریبوں کو قطار میں کھڑا کرنا چاہتی ہے اور اپنے 15 صنعت کار دوستوں کی مدد کرنا چاہتی ہے۔‘‘

سی اے اے اور این آر سی کو اصل مسائل سے توجہ ہٹانے والا قرار دیتے ہوئے راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’یہ لوگوں کے لئے دوہرے جھٹکے کی طرح ہے، کیونکہ وہ غریبوں سے اپنے دستاویزات پیش کرنے کو کہیں گے، جبکہ وہ صنعت کاروں سے دستاویزات طلب نہیں کریں گے۔‘‘

قبل ازیں کانگریس کے سابق سربراہ نے ایک ٹوئٹ میں آسام کے ایک حراستی سینٹر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نریندر مودی پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا تھا۔

میڈیا نے جب راہل گاندھی سے یہ سوال پوچھا کہ بی جے پی یہ کہہ رہی ہے کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں، اس پر راہل گاندھی نے کہا، ’’میں نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں نریندر مودی کہہ رہے ہیں کہ ہندوستان میں کوئی حراستی سینٹر نہیں ہے اور اسی ویڈیو میں ایک حراستی سینٹر کا منظر دکھایا گیا ہے، لہذا آپ ہی یہ فیصلہ کریں کہ کون جھوٹ بول رہا ہے۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!