شہریت ترمیمی بل ہندوستانی آئین پر حملہ: راہل گاندھی
شہریت ترمیمی بل لوک سبھا سے پاس ہونے کے بعد منگل کو کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’شہریت ترمیمی بل ہندوستانی آئین پر حملہ ہے۔ جو بھی اس کی حمایت کرتا ہے، وہ ہمارے ملک کی بنیاد پر حملہ کر رہا ہے اور اسے ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘
لوک سبھا میں شہریت ترمیمی بل 2019 پاس ہونے کے بعد پرینکا گاندھی کا رد عمل
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوک سبھا میں شہریت ترمیمی بل 2019 پاس ہونے کے بعد اپنا پہلا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’گزشتہ آدھی رات کو ہندوستان کی متعصبانہ اور تنگ نظر سوچ والوں کے بائیکاٹ کی کوشش کی تصدیق ہوئی کیونکہ لوک سبھا میں سی اے بی پاس ہو گیا تھا۔ ہمارے آبا و اجداد نے ہماری آزادی کے لیے جان کی بازی لگا دی۔ اس آزادی میں برابری کا حق اور مذہب کی آزادی کا حق یقینی کیا گیا۔‘‘
تریپورا: اگرتلہ میں شہریت ترمیمی بل کے خلاف عوام سڑکوں پر
لوک سبھا میں بہ آسانہ شہریت ترمیمی بل پاس ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ہی اس بل کے خلاف مظاہروں کا دور بھی تیز ہو گیا ہے۔ ایک طرف آسام میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں اور کئی مقامات پر آگ زنی کے واقعات سامنے آئے ہیں، دوسری طرف تریپورہ کے اگرتلہ میں بھی عوام سڑکوں پر اتر کر اس بل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہے۔
آسام میں زبردست احتجاجی مظاہرے
لوک سبھا سے شہریت ترمیمی بل 2019 پاس ہو چکا ہے اور اب اس بل کو لے کر آسام میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور آل آسام اسٹوڈنٹ یونین نے آج صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک یعنی 12 گھنٹے کا بند بلایا ہے۔ دوسری طرف ڈبرو گڑھ میں طلبا تنظیم سڑکوں پر اتر کر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔