مسلسل مہنگائی سے عام آدمی پریشان، پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ

مہنگائی کی مار کے درمیان پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے اور عام آدمی پریشان ہے۔ دہلی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت بڑھ کر 104 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکی ہے

نئی دہلی پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں لگی آگ سے عام آدمی کو نجات ملتی نظر نہیں آ رہی ہے اور کم و بیش ہر روز قیمتوں کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ آج یعنی 10 اکٹوبر کو لگاتار چھٹے دن ملک بھر میں گاڑیوں کے ایندھن میں اضافہ کیا گیا ہے۔

قومی راجدھانی دہلی کی بات کریں تو پٹرول کے داموں میں 30 پیسے جبکہ ڈیزل کے داموں میں 35 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں اس تیزی سے بڑھ رہی ہیں کہ دہلی میں پٹرول 104 اور ممبئی میں 110 سے پار چلا گیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی ایل) کے مطابق دہلی میں پٹرول کے دام 103.84 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 104.14 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔ جبکہ ڈیزل کے دام 92.47 روپے فی لیٹر سے 92.82 روپے فی لیٹر ہو گئے۔

بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کے سبب گھریلو بازار میں ایندھن کے دام اپنی بلند ترین سطح پر ہیں۔

ملک کے چار اہم شہروں پر نظر ڈالیں تو ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل سب سے زیادہ مہنگا ہے۔ ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں پٹرول 110 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی۔ یہاں پٹرول کے دام 109.83 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 110.12 روپے فی لیٹر پہنچ گئے، جبکہ ڈیزل کے دام سنچری بناتے ہوئے 100.66 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!