بسوا کلیان میں 24/سالہ نوجوان کا بہیمانہ قتل
بسوا کلیان: 5/دسمبر(کےایس) بسواکلیان میں 24/ سالہ ایک نوجوان کے سنسنی خیز قتل کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر بسواکلیان کے سرکاری جنرل ہاسپٹل سے ایک کلومیٹر دور کھڈگی مٹھ کے قریب کھوبا کالج بائی پاس روڈ پر واقع ایک کھیت میں اس نوجوان کی لاش پائی گئی، جس کی شناخت 24 سالہ علاؤالدین ولد اسماعیل شاہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ جس کا بے دردی سے قتل کیا گیا۔
بتایاجارہاہے کہ مقتول علاوٴالدین کاوطن بسواکلیان ہے وہ پلاسٹر کا کام کرتا تھا، بیجاپور سے دو دن قبل ہی وہ اپنے وطن بسواکلیان آیا ہوا تھا، جس کا کل رات بہیمانہ قتل ہوا۔ جیسے ہی صبح یہ خبرسوشل میڈیا اور دیگر مقامی لوگوں سے وائرل ہوئی موقع واردات پر عوام کا اژدھام لگا۔ اس بے دردانہ قتل سے شہریانِ بسواکلیان میں تشویش پائی جارہی ہے، چونکہ یہ قتل کی واردات کسی بھی پُرامن سماج کے لیے ایک خطرے سے کم نہیں ہے۔
قتل کی وجہ کا تا حال علم نہ ہوسکا، البتہ پولیس اہلکار موقعہ واردات پر پہنچ کر کیس رجسٹرڈ کرتے ہوئے تحقیقات جاری کردی ہیں۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔ مختلف زاویوں سے پولیس اس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے۔