مہاراشٹر: ٹھاکرے حکومت آج ثابت کرے گی اکثریت، 170 اراکین اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ
شیوسینا-این سی پی-کانگریس اتحاد مہاراشٹر میں قابض ہو چکا ہے اور ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی ’مہا وکاس اگھاڑی‘ حکومت آج اسمبلی میں اکثریت ثابت کرے گی۔ اسمبلی کے ایک افسر کے مطابق اکثریت ثابت کرنے کا عمل دوپہر کے وقت ہو سکتا ہے۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ادھو ٹھاکرے کو اکثریت ثابت کرنے کے لیے 3 دسمبر تک کا وقت دیا ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر دلیپ ولسے پاٹل کو جمعہ کو مہاراشٹر اسمبلی کا پروٹیم اسپیکر مقرر کیا گیا ہے۔
اجیت پوار نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سے کی ملاقات
مہاراشٹر میں سیاست کی اٹھا پٹخ یوں تو ختم ہو گئی معلوم ہوتی ہے، لیکن اجیت پوار کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ سے ملاقات نے قیاس آرائیوں کا بازار ایک بار پھر گرم کر دیا ہے۔ دراصل اجیت پوار نے آج اپنے گھر پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرتاپ چکھلیکر سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب شیوسینا کی قیادت والی ریاستی حکومت کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنا ہے۔ جانکاری کے مطابق ادھو حکومت کو دوپہر بعد تقریباً 2 بجے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنی ہے۔ ایسے میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور اجیت پوار کے درمیان ملاقات کو کچھ لوگ سیاسی جامہ بھی پہنا رہے ہیں۔
مہاراشٹر: شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی انتہائی اہم میٹنگ 9.30 بجے
شیوسینا، کانگریس اور این سی پی اتحاد کی ایک انتہائی اہم میٹنگ 9.30 بجے منعقد ہونے والی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے سے متعلق بات چیت ہوگی۔ ساتھ ہی اسپیکر کے انتخاب سے متعلق بھی میٹنگ میں ناموں پر غور و خوض ہوگا۔ واضح رہے کہ تینوں پارٹیوں پر مشتمل ’مہا وکاس اگھاڑی‘ حکومت کو دوپہر کے وقت اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنی ہے۔