میراروڈ میں محکمہ ریلوے کی ملازمتوں کے سلسلے میں رہنمائی کیمپ کاانعقاد
ممبئی: میراروڈ میں محکمہ ریلوے کی ملازمتوں کے سلسلے میں رہنمائی کیمپ جماعتِ اسلامی میراروڈ کی جانب سے ریلوے میں خالی آسامیوں کے لئے ایک رہنمائی کیمپ منعقد کیاگیا۔
اس کیمپ میں ریلوے کے اکاؤنٹ آفیسر جناب محبوب صاحب اور ملٹی نیشنل کمپنی کے ماہر جناب شکیل صاحب نے نوجوانوں کی رہنمائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے میں کتنی قسم کی ملازمتیں ہوتی ہیں۔ اور اب فی الوقت ممبئی میٹرو کے لئے ویکینسی نکلی ہیں۔ انہوں نے ویب سائٹ کی تفصیل بتائی اور ریلوے ملازمتوں کے لئے ہونے والے امتحانات کی تیاری کیسے کریں اس پر روشنی ڈالی۔ کون سی کتابیں ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کرکے پڑھنا چاہیے۔
اس سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ ریلوے سمیت سبھی مقابلہ جاتی امتحانات میں عام معلومات اور حالات حاضرہ سے واقفیت کتنی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو اخبارات کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا اور مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے شائع ہونے والے رسائل وجرائد بھی زیر مطالعہ رکھنے کی تلقین کی۔ ریلوے امتحانات میں کون کون سے مضامین ہوتے ہیں یہ بات تفصیلاً بتائی۔
مستقبل کے لئے ریلوے کی ویب سائٹس پر نظر رکھنے اور ایمپلائمنٹ ایکسچنج کا مطالعہ برابر کرتے رہنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر ملٹی نیشنل کمپنی کے ماہر اور جماعت کے کارکن جناب شکیل صاحب نے کئی قیمتی مشورے دیئے اور یہ بات اپنے ذہن سے نکل دینے پر زور دیا کہ سرکاری ملازمتوں کے سلسلے میں کسی قسم کا تعصب یا جانبداری برتی جاتی ہے بلکہ اگر ہم کڑی محنت کریں اور پوری لگن سے تیاری کریں تو ہمیں کامیابی مل سکتی ہے۔ بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوان شریک تھے۔
طلبہ نے اس سلسلے میں آنے والی دشواریوں کا ذکر کیا اور بہت سے سوالات کئے جن کے تسلّی بخش جوابات محبوب صاحب نے دیئے ۔ آخر میں شعبہ خدمتِ خلق کے انچارج ساجد محمود شیخ نے سب کا شکریہ ادا کیا۔