الامین ڈگری کالج بیدر میں یارانِ ادب اور بیٹیاں تنظیم کے زیراہتمام مختلف مقابلوں کاانعقاد
بیدر: 26/اگست (وائی آر)اردو ادب کی ادبی، فلاحی اور تعلیمی تنظیمیں یارانِ ادب اور بیٹیاں کے اشتراک سے الامین ڈگری کالج بیدر میں آج26/اگست کو ڈگری کالج کی طالبات کے درمیان مختلف پروگرامس کا انعقاد الامین عبدالمجید خان میموریل ہال، الامین کیمپس، بہمنی روڈ بیدر میں عمل میں آیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر مقبول احمد پرنسپل الامین ڈگری کالج بیدر نے بتایاکہ اردو ہماری مادری زبان ہے۔ اردو کو زندہ رکھنے کی ہرطرح سے کوشش کی جائے۔یاران ادب اور بیٹیاں تنظیم کے آج کے پروگرام اردو مرکز پروگرام ہونے کے علاوہ اس میں یہ بھی بتایاجائے گاکہ آرٹیکل کس طرح لکھاجائے، کہانی اور افسانیمیں فرق کیاہے۔ اورطالبات کی دیگر صلاحیتوں کو سامنے لانا مقصد ہے۔
انھوں نے مزید بتایاکہ میری زبان اردو نہیں ہے لیکن الامین ادارے کی مہربانی ہے کہ آج میں اردو زبان میں کچھ لب کشائی کرسکتاہوں۔ اور اردو لکھتا، پڑھتا اور اچھی طرح سمجھ لیتاہوں۔ موصوف نے طالبات کو آگے بڑھنے کے لئے کہااور بتایاکہ بے وقوف کی ڈکشنری میں ناممکن لفظ زیادہ ملتاہے۔ جبکہ عقلمند وہ ہوتاہے جس کے ہاں ہرچیز ممکن ہوتی ہے۔ پروفیسر صاحب نے طالبات کو مشورہ دیاکہ تعلیم کے دوران ہی اپنے مستقبل کو طئے کرلینا چاہیے۔
محترمہ اِرم فاطمہ ذمہ دار”بیٹیاں“ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ طالبات اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھائیں۔ ان کی صلاحیتوں کی ملک وملت کو ضرورت ہے۔ بیٹیاں تنظیم کی ایک اور ذمہ دارمحترمہ سیدہ وسیم بانو نے طالبات سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو کم نہ سمجھیں۔ چھوٹا سا اچھا کام کسی کی زندگی بدل سکتاہے۔ اور دوسروں سے زیادہ ہمیں اپنی زندگی خودبدلنے کی ضرورت ہے۔ کہانیاں لکھنا، تقاریر میں حصہ لینا یانعت گوئی وغیرہ وہ کام ہیں جس کے ذریعہ ہم اپنی صلاحیتوں کو نمایاں کرسکتے ہیں۔
پروگرام کے تحت آج ڈگری کالج کی جن طالبات نے حمد ونعت خوانی،افسانہ نویسی، تقریر،اور ڈرائنگ مقابلوں میں حصہ لیااس کی تفصیل اسطرح ہے۔ حمد مقابلوں میں عصفیہ انجم، طہورہ انجم، نعتیہ مقابلوں میں صدف جہاں، نشرح ناز، سیدہ ہاجرہ فاطمہ،نے حصہ لیا۔ افسانہ نویسی میں طالبہ مریم خانم، سیدہ بشریٰ عائشہ بانو، قرۃ العین، زیبا مریم، سنجنا،فرح طیب اور سمرین بیگم نے حصہ لیا۔ تقریری مقابلوں میں عائشہ بانو اور قرأت العین نے حصہ لیا۔دونوں طالبات کاموضوع مختلف تھا اور دونوں نے مختلف انداز میں اپنی تقریریں پیش کیں۔
ڈرائنگ مقابلوں میں مہروش فطین، بشریٰ، سمیہ نورین، امرین بیگم، سیدہ بشریٰ نے حصہ لیا۔اور کافی متاثر کن تصاویر ڈرائنگ کیں۔ ان مقابلہ جات کے فوری بعد طالبات کومحترمہ ارم فاطمہ، سیدہ وسیم بانو، وائفہ اشرف اور افشاں صباحت کے ہاتھوں توصیفی سند یں عطا کی گئیں۔ڈگری کالج کی لیکچرر ہاجرہ تبسم اور قرأت العین نے طالبات کی رہنمائی کی۔
جناب محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یاران ادب نے پروگرام کی نظامت کی اور افشاں صباحت نے اظہار تشکر کیا۔ جبکہ محمدسلطان نے فوٹوگرافی کافریضہ انجام دیا۔ اور معین خان نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی۔