دہلی: ٹیوشن ٹیچر نے اپنی بیوی اور3 معصوم بچوں کو کٹر سے کاٹ ڈالا
دہلی کے مہرولی علاقہ میں جمعہ کو دیر رات ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ٹیوشن پڑھانے والے ٹیچر نے اپنی بیوی اور تین معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔ اوپیندر شکلا نام کے اس ٹیوشن ٹیچر کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ لمبے وقت سے ڈپریشن کا شکار ہے جس کے چلتے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ اوپیندر کی دماغی حالت اس قدر خراب تھی کہ اس نے اپنے پورے اہل خانہ کو کٹر سے کاٹ ڈالا۔ ذرائع کے مطابق اس نے رات کے ایک بجے سبھی لوگوں کا قتل کر دیا۔ جنوبی دہلی کے ڈی سی پی نے بتایا کہ ایک ملزم نے قتل کرنے کے بعد ایک نوٹ بھی لکھا جس میں اس نے اپنے پورے اہل خانہ کو قتل کرنے کی بات قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ اوپیندر کی والدہ بھی اسی مکان میں رہتی ہیں جہاں یہ واردات انجام دی گئی۔ صبح جب اوپیندر نے اپنا دروازہ نہیں کھولا تو انہوں نے اس کی اطلاع پڑوسیوں کو دی، جس کے بعد پولس کو اطلاع دی گئی۔ پولس موقع واردات پر صبح8.30 بجے پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اوپیندر کے بچوں میں ایک لڑکی اور دو لڑکے تھے ان میں بچی کی عمر چھ سال کی تھی، بڑے بیٹے کی عمر پانچ سال اور چھوٹے بیٹے کی عمر صرف دو ماہ کی تھی۔ ظالم کو دو ماہ کے بچے کو کٹر سے کاٹتے وقت بھی رحم نہیں آیا اور اس نے اس معصوم بچے کو بھی کاٹ ڈالا۔
پولس نے اوپیندر کو گرفتار کر لیا ہے اور پوچھ تاچھ کے دوران وہ بار بار ایک ہی بات ہی کہتا رہا کہ وہ لمبے وقت سے ڈپریشن کا شکار ہے۔ جب اس سے قتل کرنے کی وجہ پوچھی تو اس نے کوئی صحیح جواب نہیں دیا بس یہی دہراتا رہا کہ وہ بہت دنوں سے کافی پریشان ہے۔ پولس اس پہلو کے علاوہ بھی جانچ کر رہی ہے۔