دنیا رشک میں ہے اے مجاہد تیری شہادت پر۔۔۔ شہید مرسی کولاکھ سلام
ایم۔ عبد السمیع بگدل
آج شہید و مجاہد محمد مرسی رحمۃ اللہ علیہ کے سیاسی قتل پر کیا کہا جائے کیا لکھا جائے کیسے اپنے جذبات، احساسات اورخیالات کا اظہار کیا جائے۔
ہم تو جیتے تھے جنگوں کی مصیبت کے لئے
اورمرتے بھی توتیرے نام کی عظمت کے لئے
کا نعرہ لے کر اٹھا یہ دین محمد صلّی اللہ علیہ وسلم کا وفادار سپاہی اپنے رب حقیقی سے جا ملا . اللہ اس شہید کو کروٹ کروٹ جنت دے۔آمین!
سمجھ نہیں آرہا کے اپنے جذبات کا اظہار کیسے کیا جائے اور اس عظیم اسلامی رہنما اگرمیں یہ کہوں تو مبالغہ نہ ہوگا کہ محمد مرسی رحمۃ االلہ علیہ ایک ولی اللہ بھی تھے، چونکہ انہوں نے قید و بند کی مصیبتوں کے باوجود بھی تہجد تک کو ترک نہیں کیا، ایسے مجاہد کی شہادت پر کیسے خراج عقیدت پیش کیا جائے!!!
بس نوجوانوں کے مطلب کی بات اس موقع پر کرنا چاہتا ہوں کہ محمد مرسی کی زندگی میں امت کے نوجوانوں کے لیے ایک بہترین نمونہ موجود ہے۔ محمد مرسی مصر کے پہلے منتخب صدر تھے جن کو امریکہ اور سعودی عرب کی بدترین سازشوں کے تحت معزول کیا گیا تھا۔
محمد مرسی کی زندگی سے پہلی چیز جو ملتی ہے وہ یہ ہے کہ خدا کے دین کا غلبہ چاہنے والوں کو اس طرح کی قربانیوں کا جذبہ اپنے اندر پیدا کریں اور وقت آنے پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں۔ صرف حکمت کا نعرہ دے کر خاموش بیٹھے نا رہیں۔
دوسری چیز ہم کو ملتی ہے وہ خدا کے راستے میں استقامت کے ساتھ جم جاناہے۔اگر ہم خدا کے دین کا غلبہ بھی چاہتے ہیں اور اپنی کمفرٹ زون کو چھوڑنا بھی نہیں چاہتےتو پھر یہ دونوں چیزیں ایک جگہ جمع نہیں ہوں گی۔ حالات کا مقابلہ کرنا سیکھیں اور اور اپنی صلاحیتوں کو خدا کے دین کے غلبہ کے لئے لگادیں۔
تیسری بات اللہ رب العالمین کے ساتھ اپنے رشتے کو جوڑیں اور مظبوط سے مظبوط تر کریں موسیٰ علیہ السلام نے اپنی قوم کو نصیحت کی تھی سورہ اعراف میں اللہ تعالیٰ نے اس کو بیان کیا ہے دیکھو ان حالات میں اللہ سے اپنے رشتے کو مضبوط کرو اور اسی سے مدد چاہو اس کے سوا کوئی تمہاری مدد نہی کرسکتا۔ تو ہمیں بھی دین پر اس مضبوطی کے ساتھ جمے رہناہے اور اسی سے مدد طلب کرنا ہے۔
اللہ تعالی سے دعا ہے محمد مرسی کا نعم البدل امت کو عطا کرے اور ہم کو اس کے دین پر مضبوطی سے جمنے کی توانائی عطا کرے اور شہید مرسی کے درجات کو بلند کرے ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین