آندھرا پردیش میں 5 ڈپٹی چیف منسٹرز ہوں گے: جگن موہن ریڈی
ایک غیرمعمولی قدم کے طور پر آندھراپردیش کے وزیراعلی و وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی مکمل 25رکنی کابینہ میں 5نائب وزرائے اعلی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کونئی مجلس وزراء کی تشکیل ایک عوامی تقریب میں ہوگی۔
آج صبح جگن موہن ریڈی نے وائی ایس آر مقننہ پارٹی کا اجلاس اپنی قیام گاہ پر طلب کیا جس پر انہوں نے اپنے 5نائبین کو مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ ان میں سے ایک کا تعلق درج فہرست ذات‘ ایک کا درج فہرست قبائل‘ ایک کا پسماندہ طبقہ‘ ایک کا اقلیتی طبقہ اور ایک کا کاپوطبقہ سے ہوگا۔
انہوں نے اپنے ارکان اسمبلی سے کہا کہ یہ کابینہ ریڈی طبقہ کی توقعات کے برعکس کمزور طبقات پر مشتمل ہوگی جن کو ایک بڑا حصہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی وسط مدتی کارکردگی کا جائزہ لینے ڈھائی سال کے عرصہ کے بعدکابینہ کی تشکیل نو کی جائے گی۔
YSR کانگریس پارٹی کے قانون ساز، ایم ایم شیخ نے کہا کہ “ہم بہت خوش ہیں، آدھرا پردیش میں 5 ڈپٹی چیف منسٹرز ہوں گے – ایک SC، ایک ST، ایک OBC، ایک اقلیتی اور کپو کمیونٹی میں سے ہونگے۔ جگن ریڈی ہم میں سب سے بہتر وزیر اعلی ثابت ہونگے۔ “
سابق وزیراعلی چندرابابو نائیڈو حکومت میں کاپو اور بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو نائب وزرائے اعلی بنایا گیا تھا۔نئی حکومت کی جانب سے 5نئے نائب وزرائے اعلی بنائے جانے کا فیصلہ ایک انقلابی قدم دیکھا جارہاہے۔