عید کی مسرتوں کو عام کرنا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے: جماعت اسلامی ہند
نئی دہلی: (پریس ریلیز)شعبہ رابطہ عامہ جماعت اسلامی ہند کے جاری کردہ پر یس ریلیز کے مطابق جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر جناب محمد جعفر نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر اہل وطن کو ،بالخصوص امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ملت اسلامیہ کی رمضان المبارک کی ہمہ جہت عبادات کو قبول فرمائے اور عید ہماری زندگیوں میں اطمینان و سکون اور امن وسلامتی کی بہارلائے۔
جناب محمد جعفر نے امید ظاہر کی کہ امت مسلمہ نے رمضان المبارک میں روزہ اور قرآن سے اپنے جس بے پنا تعلق کا اظہار کیا اور عبادات کے ذریہ جس طرح تقوی اور اپنے رب کی رضا کے حصول کی کوشش کی ہے، رمضان اور عید کے بعد بھی اس کی زندگی سے اس کے خوش گوار اثرات نمایاں ہوتے رہیں گے اور ملت اسلامیہ اپنے خیر امت ہونے کا مسلسل ثبوت دیتی رہے گی۔
نائب امیر جماعت نے فرمایا کہ ملکی و عالمی حالات اور وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک میں قرآن سے تعلق اور رحمت و مواسات کا جو دل نشین پیغام ملا ہے اس کو پوری انسانیت میں عام کرنے اور ہر پراتفاق و اتحاد اور یکجہتی کے قیام اور بالخصوص وطن عزیز میں قرآن کا پیغام عام کرنے اور محبت و خیر سگالی اور امن و سلامتی کا ماحول بنانے کی مخلصانہ کوشش کرے۔ الله تعالی اس اہم فریضہ کی ادائیگی میں ہماری رہنمائی ومدد فرمائے۔