آئیٹا پال گھر اور میرا روڈ کی جانب سے 15اساتذہ کو مولانا افضل حسین ایوارڈ سے نوازا گیا
▪️اساتذہ کے متعلق معاشرے میں پھیلے نا امیدی کے رجحانات انشاءاللہ بہت جلد تبدیل ہونگے: سید شریف (صدر آئیٹا مہاراشٹر)
▪️اساتذہ خود بھی اچھے اخلاق کے حامل ہوں اور طلبہ میں بھی مکارم اخلاق کے فروغ کے لیے کوشش کریں: مولانا شمیم اختر ندوی
▪️ مکاتب میں پڑھانے والے علماء و حفاظ کا بھی سائنسی علوم سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر اعجاز الحق
پال گھر: 12/ستمبر (پی آر) آئیٹا پال گھر اور میرا روڈ یونٹ کے مجموعی اشتراک سے مولانا افضل حسین ایوارڈ برائے فضیلت درس و تدریس کا دوسرا جلسہ انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس جلسہ کی صدارت آئیٹا مہاراشٹر کے ریاستی صدر سید شریف نے کی۔ جبکہ جامعہ الابرار وسئی کے مہتمم مولانا شمیم اختر ندوی ، ویوا کالج آف سائنس ویرار کے ایچ او ڈی ڈاکٹر اعجاز الحق، کوئیز ٹائم کے بانی حامد اقبال صدیقی بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔
سید شریف ریاستی صدر نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ موجودہ حالات میں اساتذہ میں پائی جانے والی بیداری کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ انشاءاللہ آئندہ پانچ سالوں میں اساتذہ کے متعلق معاشرے میں پھیلے نا امیدی کے رجحانات تبدیل ہو جاینگے۔ آپ نے مزید کہا کہ اساتذہ ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ آپ نے اساتذہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کا صد فی صد اپنے طلبہ کی سیرت و کردار کی بہتری کے لیے دیں تاکہ ایک صالح معاشرے کا قیام عمل میں آسکے۔ موصوف نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی معلومات کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں کیونکہ کہ یہی موجودہ وقت کا سب سے بڑا تقاضہ ہے۔
مولانا شمیم اختر ندوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ میں درس و تدریس کے لیے چار اوصاف کا ہونا از حد ضروری ہے۔ آپ نے بتایا کہ اساتذہ کو اپنے مضمون میں مہارتِ تامہ حاصل کرنے کے لیے کمر بستہ رہنا چاہیے۔ دوسرے انہیں اپنے طلبہ کی قابلیت اور صلاحیتوں کا ادراک کر کے بڑے غور و فکر کے ساتھ پڑھانا چاہیے۔ تیسرے معلم حلیم و برد بار ہونا چاہیے ( جو کہ اساتذہ کے لئے ایک امتیازی وصف ہے) آخر میں آپ نے فرمایا کہ اساتذہ خود بھی اچھے اخلاق کے حامل بنیں اور اپنے طلبہ میں بھی مکارم اخلاق کی تکمیل کیلئے کوششیں کریں۔ ڈاکٹر اعجاز الحق صاحب نے بتایا کہ ایک معلم کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتا، وہ زندہ رہتا ہے یا تو بہ حیثیت معلم وہ مر جاتا ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ مدرسے میں پڑھانے والے علماء و حفاظ کا سائنسی علوم سیکھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
حامد اقبال صدیقی نے آئیٹا کے اس قدم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو اپنی معلومات میں مسلسل اضافہ کرتے رہنا چاہیے کیونکہ باخبر رہنا زندگی ہے اور بے خبری موت ہے۔ جلسہ کی شروعات تلاوت کلامِ باری تعالی سے ہوئی۔ نعت خوانی کے بعد جلسہ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
بعد ازیں آئیٹا پال گھر کے صدر تنویر احمد نے اپنے افتتاحی کلمات میں آئیٹا کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیٹا نہ صرف اساتذہ کے مسائل پر گفتگو کرتی ہے بلکہ اساتذہ اور طلبہ کی ذہنی و فکری تربیت کا منظم منصوبہ و لائحہ عمل بھی اپنے پاس رکھتی ہے۔ انہوں نے اس تہنیتی جلسہ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اخلاص کے ساتھ کام کرنے والے اساتذہ کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ مزید دل جمعی کے ساتھ اپنی تدریسی خدمات کو انجام دیں اور دیگر اساتذہ میں بھی بڑھ چڑھ کر کام کرنے کا جذبہ بیدار ہو اس کے لئے آئیٹا اس طرح کے اجلاس کے ذریعے اساتذہ کی عزت افزائی کا انتظام کرتی ہے۔
اساتذہ کے اس جلسہ تہنیت میں میرا روڈ، وسئ، ویرار اور پال گھر کے تقریبا ۱۵ منتخب مخلص اور طلبہ کے لیے مفید اساتذہ کرام کو مولانا افضل حسین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ آئیٹا پال گھر کا دوسرا جلسۂ تہنیت تھا۔ اس سے قبل سن ۲۰۲۰ میں بھی تقریبا ۱۲ اساتذہ کرام کو ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ آج کا یہ جلسہ اس لحاظ سے بھی منفرد رہا کہ اس بار عصری علوم پڑھانے والے اساتذہ کرام کے ساتھ تعلیم دینیات سے وابستہ معلمین کو بھی ان کی بہتر تدریسی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس پر رونق تقریب میں ضلع پریشد کواری اردو اسکول کے گریجویٹ معلم انور عبدالستار شیخ اور ذاکر حسین محمد موسی انصاری، مولانا الطاف الرحمان، مولانا مجیب اللہ، مولانا صفیان عثمان کریڈیا، رائل گرلز ہائی اسکول کی معلمہ صبا شاداب شیخ ،میرا بھائیندر میونسپل اسکول کی معلمہ سید طاہرہ بیگم شہاب الدین، شیخ حشمت اللہ نعمت اللہ، توحید نثار شیخ، ضلع پریشد اردو اسکول سوپارہ کی انچارج معلمہ عابدہ ابرار شیخ، انجمن خیرالاسلام نالا سوپارہ کی معلمہ حبیبہ محمد عمر خان، ضلع پریشد اردو اسکول پیلہار پاڑہ کی معلمہ رضوانہ حبیب خان، انجمن مفید الیتمی کی معلمہ صالحہ پروین عبد الرزاق، حذیفہ اردو ہائی اسکول وسئ کی زاہدہ جاوید مومن، نور جہاں اردو اسکول میراروڈ کی معلمہ شگفتہ شمس الدین خان ایوارڈ یافتگان کی مسند پر جلوہ افروز تھے۔
نظامت کے فرائض آئیٹا میرا روڈ یونٹ کے صدر عبدالقدیر قاضی اور سکریٹری صدیق عمر نے بخوبی انجام دیئے۔ آئیٹا میراروڈ کے رکن حسین شیخ سر نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا جبکہ آئیٹا پالگھر کے سیکریٹری نعیم احمد انصاری سر نے گل پیش کر استقبال کیا۔ اظہار تشکر آئیٹا پال گھر کے نائب صدر آصف طاہر سر نے ادا کیا۔